پاکستان میں ارطغرل غازی کی اردو ڈبنگ کے ساتھ ریلیز کے بعد ڈرامے میں کام کرنے والے ترک اداکاروں کو پاکستان میں کافی مقبولیت حاصل ہوئی ہے، جس میں ارطغرل کی بیوی کا کردار نبھانے والی اداکارہ اسرا بیلجک بھی شامل ہیں۔ پاکستان میں مقبولیت کی وجہ سے ترک اداکاروں کو سوشل میڈیا پر پاکستانی فالورز کی ایک بڑی تعداد نے جوائن کیا۔
پاکستان میں مداحوں کے بڑھنے سے جہاں ترک اداکاروں کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے وہیں انہیں مختلف مسائل کا بھی سامنا ہے۔ ایسا ہی اسرا بیلجک کے ساتھ بھی ہوا۔
اسرا بیلجک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شئیر کی جس میں وہ بکنی پہن کر سرفنگ کر رہی ہیں۔ پاکستانی مداحوں کی ایک بڑی تعداد کو اسرا کی نیم عریاں تصویر اپ لوڈ کرنا پسند نہیں آیا اور انہوں نے ترک اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اسلامی اقدار کا خیال رکھنے کی نصیحت کی، جس کے بعد ترک اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ کا آپشن بند کر دیا۔
اسرا بیلجک کون ہیں؟
اسرا کی پیدائش 14 اکتوبر 1992 کو انقرہ میں ہوئی اور انہوں نے استنبول کی ایک یونیورسٹی سے بین الاقومی تعلقات میں ڈگری حاصل کی ہوئی ہے جبکہ ابھی قانون کی تعلیم بھی حاصل کررہی ہیں۔ شوبز کی دنیا میں ان کی آمد 2014 میں ارطغرل سیریز سے ہی ہوئی تھی اور ارطغرل کے علاوہ مزید 2 ڈرامے اور ایک فلم میں کام کرچکی ہیں۔
ارطغرل غازی میں حلیمہ خاتون کا کردار اس ڈرامے میں بہت اہمیت رکھتا ہے اور اسے ترک اداکارہ اور ماڈل اسرا بیلجک نے ادا کیا۔ 2017 میں انہوں نے ایک فٹبالر گوکخان تورے سے شادی کی تھی اور جون 2019 میں طلاق ہوگئی۔