بلدیاتی انتخابات کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ممکن نہیں: الیکشن کمیشن

01:46 PM, 10 Jul, 2023

حسن نقوی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا کہ اسلام آباد اورپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں تاہم بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم) اور آئی ووٹنگ پر نہیں ہوسکتا۔

اسلام آباد اورپنجاب میں بلدیاتی انتخابات پرالیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد اورپنجاب بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پربریفنگ دی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، صوبائی الیکشن کمشنرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

شرکاء کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ وزارت داخلہ نے ابھی تک وفاقی دارالحکومت میں مخصوص نشستوں کی تعداد کا نوٹیفکیشن جاری کیا نہ ہی انتخابی اخراجات کی حد کیلئے رولز بنائے۔

حکام نے بریفنگ دی کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو آج ہی دوبارہ خط لکھنے کی ہدایت کردی۔ مورخہ 22 جون 2023 کی میٹنگ کے دوران  وزارت داخلہ  کے نمائندگان  نے مخصوص نشستوں  کی تعداد کے نوٹیفکیشن اور امیدواروں  کے لئے انتخابی اخراجات کی حد کے لئے رولز بنانے کے لئے ان کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے ان کو مذکورہ بالا  دستاویزات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ مگر تاحال وزارت داخلہ کی طرف سے جواب موصول نہیں ہوا۔

اس پر الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ آج ہی وزارت داخلہ کو تحریر کیا جائے کہ وہ 12 جولائی تک مخصوص نشستوں کی تعداد کا نوٹیفکیشن اور امیدواروں کے لئے انتخابی اخراجات کی حد کے رولز ہر صورت الیکشن کمیشن کو مہیا کریں تاکہ الیکشن کمیشن وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پنجاب بلدیاتی انتخابات ای وی ایم اورای ووٹنگ پر نہیں ہوسکتے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے سیکشن 47(1) کے تحت لوکل گورنمنٹ انتخابات کا انعقاد الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں (EVMs) پر ہوگا اور ووٹروں کو آئی ووٹنگ (I-Voting) کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن  نے متعدد بار صوبائی حکومت کو تحریر کیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ انتخابات کے دوران ای وی ایم کا استعمال ممکن نہیں اور I-Voting کی سہولت بھی فراہم نہیں کی جا سکتی۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 میں ترمیم کی جائے تاکہ الیکشن ہوسکیں۔

کمیشن کے  حکام نے مزید کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے دورن ای وی ایم کا استعمال ممکن نہیں اس لئے پنجاب حکومت کو لکھا جائے کہ ای وی ایم اور آئی ووٹنگ سے متعلق ترامیم کو مدِ نظر رکھا جائے۔ فوری الیکشن کے لیے پنجاب حکومت لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور رولز میں ضروری ترمیم کرے۔ تاکہ صوبہ میں الیکشن کا فوری انعقاد یقینی بنایا جائے۔
مزیدخبریں