جرائم پیشہ عناصر سے روابط کا الزام، تھانہ غزنی خیل کا پورا عملہ معطل

ڈی پی او لکی مروت تیمور خان کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ میں جرائم پیشہ افراد کے ساتھ روابط اور کرپشن ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کو محکمہ سے برخاست کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔

07:58 PM, 10 Jul, 2024

غلام اکبر مروت

لکی مروت کے علاقہ غزنی خیل میں قائم پولیس سٹیشن کا پورا عملہ جرائم پیشہ عناصر سے روابط کے الزامات کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او لکی مروت تیمور خان نے جرائم پیشہ افراد کے ساتھ روابط کے سنگین الزامات پر تھانہ غزنی خیل میں تعینات ایڈیشنل ایس ایچ او سب انسپکٹر قدرت اللہ، ہیڈ کانسٹیبل سید علی، مدد محرر قیوم، ایل ایچ سی محسن، ڈی ایف سی خالد رضا اور سابق ایس ایچ او شفقت اللہ خان کے پانچ گن مین کانسٹیبلان برکت اللہ، نوروز، شفیق، نثار، امانت، اور وائرلیس آپریٹر میر قلم سمیت ایک درجن پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر کے انہیں تھانہ غزنی خیل سے پولیس لائن بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ڈی پی او لکی مروت تیمور خان کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ میں جرائم پیشہ افراد کے ساتھ روابط اور کرپشن ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کو محکمہ سے برخاست کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا محکمہ پولیس میں کالی بھیڑوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ کوئی بھی پولیس آفیسر یا جوان کسی ایسے فعل میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت سے سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ پولیس میں سزا و جزا کا سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے ایس ایچ تھانہ غزنی خیل کو دو روز قبل معطل کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں