یوسف رضا گیلانی نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کو 100 ملین روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا

03:45 PM, 10 Jun, 2020

نیا دور
امریکی خاتون اور بلاگر سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے لگائے سنگین الزامات کے جواب میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے انہیں ہرجانے کا قانونی نوٹس بجھوا دیا ہے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے وکیل کے ذریعے 100 ملین روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس سنتھیا رچی کو بھجوا دیا ہے۔ قانونی نوٹس کے مطابق سنتھیا رچی کی جانب سے سابق وزیراعظم پر لگائے گئے الزامات ثابت نہ ہونے پر ملنے والی ہرجانے کی رقم پاکستان کے فلاحی اداروں میں تقسیم کی جائے گی۔

خیال رہے کہ امریکی خاتون سنتھیا رچی کی جانب سے ایک ویڈیو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر زیادتی اور تشدد کے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔

سنتھیا نے اپنے ویڈیو پیغام میں الزام عائد کیا تھا کہ 2011 میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے ان کے ساتھ زیادتی کی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کی کابینہ کے رکن مخدوم شہاب الدین نے انہیں جسمانی طور ہر ہراساں کیا۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی جانب سے سنتھیا کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پیپلز پارٹی نے سوشل میڈیا پر فعال غیر ملکی خاتون سنتھیا رچی کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں درخواست جمع کروائی ہوئی ہے۔
مزیدخبریں