کرونا وائرس: عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے کی تجویز، پی ایس ایل میچز خطرے میں

07:37 AM, 10 Mar, 2020

نیا دور
کراچی میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد محکمہ صحت نے کراچی میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور تعلیمی ادارے لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کر دی۔

صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں محکمہ صحت سندھ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بھی شریک ہوئے، اجلاس میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا اور اس دوران بعض اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

محکمہ صحت نے ائیرپورٹ پورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے کراچی آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تمام نجی و سرکاری ہسپتالوں میں فرنٹ لائن ڈیسک بھی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فرنٹ لائن ڈیسک کرونا وائرس کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کرے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں عوامی اجتماعات نہ کرانے سے متعلق ایڈوائزری جاری کی جائے گی جب کہ پی ایس ایل کی طرز پر ہونے والے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے تمام تعلیمی اداروں کو لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو گڈاپ میں قائم ہسپتال میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اب تک 4 ہزار ہلاکتیں رپورٹ کی جاچکی ہیں۔ پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہے جن میں کراچی سے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبہ سندھ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے حکومتی تجویز پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں ابھی پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل 5) کے پانچ میچز ہونا باقی ہیں لیکن اس سے قبل ہی محکمہ صحت نے کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے باعث صوبائی حکومت سے شہر میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔

اس حوالے سے ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ پی سی بی کے اعلیٰ حکام سندھ حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ حکومت کے ساتھ اجلاسوں میں بھی شریک ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت کی جو بھی ہیلتھ ایڈوائزری ہو گی اس پر پی سی بی مکمل عملدر آمد کرے گا۔ پی سی بی حکام کے مطابق پی ایس ایل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈاکٹر خان آج کراچی پہنچیں گے مگر فی الحال میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
مزیدخبریں