سکردو بس حادثہ: دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سر کرنے والے پاکستانی کوہ پیما شبیر حسین سدپارہ بھی جاں بحق

09:31 AM, 10 Mar, 2020

نیا دور
سکردو بس حادثے میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے والے 26 سالہ پاکستانی کوہ پیما شبیر حسین سد پارہ بھی جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بطور کوہ پیما پاکستان کا نام روشن کرنے والے شبیر حسین سدپارہ اپنے دوست کے ہمراہ راولپنڈی سے سکردو کی جانب اسی بدنصیب بس میں سفر کر رہے تھے جو حادثے کا شکار ہوئی۔

شبیر حسین سدپارہ نے 2019 میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کیا تھا۔



یاد رہے کہ پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان کے شہر سکردو میں ایک مسافر بس دریائے سندھ میں جا گری تھی۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ نے بس میں سوار 26 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ جن میں سے 10 افراد کی لاشوں کو دریا سے نکال لیا گیا ہے اور باقی افراد کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس راولپنڈی سے سکردو جا رہی تھی اور اس پر سوار تمام افراد کا تعلق سکردو سے ہی تھا۔

رپورٹس کے مطابق جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہاں ایک خطرناک موڑ ہے جہاں حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے جو 48 گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

حکام کے مطابق حادثے کے تقریباً ایک گھنٹہ بعد جب وہاں سے دوسری گاڑی گزری تو اس نے حکام کو مطلع کیا جس کے بعد امدادی سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔
مزیدخبریں