حکومت کا سینیٹ میں ایک ووٹ خطرے میں: ایم کیو ایم کی خاتون سینیٹر عدت میں ہیں

01:06 PM, 10 Mar, 2021

نیا دور

  سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب کیلئے ایک ایک ووٹ اہمیت اختیار کرگیا۔


سینیٹ میں چیئرمین کے عہدے کیلئے حکومت کی جانب سے صاد ق سنجرانی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے یوسف رضا گیلانی امیدوار ہیں۔


اپوزیشن اور حکومت کے درمیان اہم مقابلہ ہے جس میں ایک ایک ووٹ قیمتی  ہے۔ سندھ سے متحدہ قومی موومنٹ کی نومنتخب سینیٹر خالدہ اطیب عدت میں ہیں اور ان کے حلف اور ووٹ کے استعمال کیلئے مشاورت جاری ہے۔


ذرائع کے مطابق ایم کیوایم سربراہ خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پرکشور زہرہ نے خالدہ اطیب سے رابطہ کیا اور ان حالات میں عدت ختم کرنے کیلئے فتویٰ لینے کا مشورہ دیا۔


میڈیا سے گفتگو میں نومنتخب سینیٹر خالدہ اطیب کا کہنا ہے کہ جامعہ بنوریہ اور دارالعلوم کورنگی سے فتویٰ مانگا ہے اور فتویٰ کی روشنی میں اپنا فیصلہ کروں گی۔


خیال رہے کہ خالدہ اطیب سندھ سے خواتین کی مخصوص نشست پر سینیٹر منتخب ہوئیں۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اس بار حکومت سینیٹ میں اپنا چئیرمین لانے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے۔

 
مزیدخبریں