پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم کے کل کے تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا میں جو آپ کے ساتھ کروں گا، تو نہیں بھولے گا، تیری نسلیں نہیں بھولیں گی نہ صرف تم، آپ کے بعد بھی کوئی سیلیکٹڈ آئے گا تو ہم ایسے ہی کریں گے۔
بلاول بھٹو زردار ی کا کہنا تھا کہ خان صاحب ہم بچے نہیں رہے، جو سمجھتے ہیں ہم ڈر جائیں گے اور پیچھے ہٹ جائیں گے، ان رگوں میں زرداری اور شہید بے نظیر بھٹو کا خون ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جو بندوق کی کل بات ہوئی ہم نے کبھی بندوق استعمال نہیں کی مگر استعمال کرنا جانتے ہیں، جمہوریت پر یقین رکھتا ہوں، پر امن آدمی ہوں اور زندگی بھر بھی پرامن رہوں گا، آپ ہمارے ساتھ سیاست کریں سیاست کرنا ہمارا اور آپ کا حق ہے، آپ ہمیں زندگی اور موت کی دھمکی دیں گے تو اس کے نتائج بھی خود برداشت کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ دس دن کے لئے پیپلز پارٹی اور عوام نے اپنے گھر چھوڑے اور اس ملک کا سفر کرتے کرتے اسلام آباد پہنچے،ان معاشی حالات میں کون اپنا کام اور محنت مزدوری چھوڑ سکتا ہے اور احتجاج کر سکتا ہے لیکن ہمارے جیالوں نے کیا اور پیپلز پارٹی کے جیالوں نے اس کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری کو ڈرون لگنے کے واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو اب بس ہم مزید نقصانات کا متحمل نہیں ہوسکتے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دھرنا دینا یا حملہ کرنا پیپلز پارٹی کی روایت نہیں اور ایک حملہ آصفہ بی بی پر ہوا لیکن میں نے صبر دکھایا کیونکہ میں میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتا ہوں کیونکہ اگر میں غلطی سے کچھ کہتا تو میرے کارکن برداشت نہیں کر سکتے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ ڈرون ہمارے ساتھ ساتھ رہا اور پھر اچانک نہیں آہستہ آہستہ آیا اور پھر آصفہ کو نشانہ بنایا۔
بلاول بھٹو کا آصفہ بھٹو کے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں آئی ایس آئی اور ایجنسی کو درخواست کروں گا کہ اس معاملہ کو دیکھیں آؤٹ تحقیقات کرلیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر زرداری کے بارے میں 30 سال سے سن رہے ہیں کرپشن کرپشن کرپشن لیکن ایک بھی الزام ثابت نہیں ہو سکا اور صدر زرداری اور پیپلز پارٹی کو آپ توڑ نہیں سکتے۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے ساتھ سیاست کریں، سیاست میرا اور آپ کا حق ہے لیکن آپ ہمیں دھمکی دیں گے تو نتائج کہ خود ذمہ دار ہونگے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کو شرم نہیں آتی، اپنی والدہ کے نام پر اسپتال کے پیسے پر ڈاکا ڈال کر اپنی پارٹی چلائی، امریکی عدالت نے آپ کے خلاف فیصلہ سنایا ہے لیکن آپ دوسروں پر الزام تراشی کرتے ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں نے کبھی بھی خاتون اول کے بارے میں کوئی غلط زبان استعمال نہیں کی لیکن خاتون اول کی کرپشن کے بارے میں جو باتیں کی جا رہی ہیں ان کے بارے میں آپ کیا کہیں گے، ہمیں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں کوئی ٹرانسفر اور پوسٹنگ اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک خاتون اول کو پیسے نہ دیے جائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان تو اکرام اللہ نیازی کا بیٹا ہے جسے قائد عوام نے کرپشن کے الزام میں نوکری سے نکالا تھا، ہمیں بھی گالیاں دینا آتی ہیں لیکن میں بے نظیر بھٹو کا بیٹا ہوں، ہماری تربیت ایسی نہیں کہ عمران خان کی طرح کی زبان استعمال کروں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم اس غیر جمہوری حکومت کے خلاف جمہوری حملہ کرنے جا رہے ہیں وہ تاریخی حملہ ہو گا، بہت پرامید ہوں کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔