انہوں نے کہا کہ تینوں مخالف سیاسی پارٹیوں کو وزیراعظم اور احتساب کے خوف نے اکٹھا کیا ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو شکست دیں گے۔ تحریک عدم اعتماد عمران خان کے لیے تحریک اطمینان ثابت ہوگی۔ سپیکر کے اختیارات کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا۔
اسلام آباد میں پولیس سینٹر کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سپیکر قواعد وضوابط کے مطابق اسمبلی اجلاس بلا سکتے ہیں۔ سپیکر کے پاس فلور کراسنگ روکنے کے اختیارات بھی موجود ہیں اور ان کے اختیارات کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا۔ اپوزیشن کو عدم اعتماد کے لئے 172 ارکان قومی اسمبلی لے کر آنا ہوں گے۔ اگر پی ٹی آئی کا کوئی رکن اس ووٹ کی توہین کرے گا جو اسے عمران خان کی وجہ سے ملا تو سپیکر اس کے خلاف ایکشن لیں گے اور اسے نااہل کر سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کہ اپوزیشن کے ساتھ اپریل فول منائیں گے، جو بولیاں لگ رہی ہیں لوگ ان کی بولیوں کو ٹھکرائیں گے۔ تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو شکست دیں گے۔ اسی دن کامیابی پر شکرانے کے نفل ادا کریں گے۔ چھانگا مانگا کی سیاست ختم ہوگی۔ ماضی میں سیاسی جماعتیں اراکین کو چھانگا مانگا اور مری میں قید کرتی تھیں۔ تینوں جماعتوں کے انجمن مفاد باہمی کو احتساب کا خوف ہے، یہ سیاسی گھیرائو اور احتساب کے دائرے میں آئیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول سندھ سے جو لوگ لائے تھے ان سے ہماری پولیس زیادہ تھی، بلاول کا مارچ مایوس کن تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر کی قبر پر نعرے بازی کرنے والو ں کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کریں گے، بلاول کو ان کے حال پر چھوڑ دیں، ان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آزاد اور خودمختار ملک ہے ہماری خارجہ پالیسی بھی آزاد ہے، ہم سپر پاور کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہم کسی بلاک کا حصہ نہیں ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے خارجہ پالیسی کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لیا ہے۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو خارجہ پالیسی قوم کے سامنے رکھتے تھے، جب کہ اپوزیشن والے سامراج کی سوچ رکھتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سیاسی گہما گہمی ختم ہو جائے تو خود بلوچستان جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنا شوق پورا کرلے۔عمران خان جیتنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں سیاسی مخالفین اپنے مفاد کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں ۔ اپوزیشن سیاسی گھیراؤ اور احتساب کے دائرے میں آئے گی جبکہ عمران خان کو کامیابی حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ وزیراعظم ای پاسپورٹ کا افتتا ح کریں گے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد میں ایپ بنا دی ہے جس کے ذریعے براہ راست پولیس افسران اور ایس ایچ اوز سے رابط کر سکتے ہیں۔