وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک نے اپنے بیٹے احد خٹک کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے لیاقت خٹک اور احد خٹک کو جمیعت میں شمولیت اختیار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر لیاقت خٹک نے کہا کہ میں نے جمعیت علمائے اسلام ف میں شمولیت اختیار کرلی ہے، مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتا ہوں ، کرپشن فری اور نئے پاکستان کا وعدہ کیا گیا جو پورا نہ ہوا، اس سے پرانا پاکستان اچھا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لیاقت خٹک ایک سیاسی حیثیت رکھتے ہیں، ان کے فیصلے سے جے یو آئی کے نظریے کو تقویت ملے گی۔ عمران خان کے اپنے گھر سے عدم اعتماد کی صدا بلند ہوئی ہے۔
https://twitter.com/MoulanaOfficial/status/1501865853087850496?s=20&t=kn4PWfWcsllVJ3RbP77Lqw
ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے جب ٹرمپ سے ملاقات کی تھی تو کہا کہ میں دوسرا ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں۔ انہیں امریکا، اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ ہوئی۔ ان کا انجام افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی سے بھی برا ہو گا۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ میرے ساتھ میرے کردار کا مقابلہ کرنا ہے تو میدان میں آؤ۔ فیٹف کے کہنے پر آپ نے قانون سازی کی ہے۔ ان لوگوں نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو برباد کر دیا، جو کہ امریکی ایجنڈا تھا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بیرونی حکم پر پاکستان میں بجٹ بنایا گیا۔ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آ چکی ہے۔ ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔ پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ہی ہمیں عدم اعتماد کی تحریک میں کامیاب بنائیں گے۔