مجھے عہدے سے ہٹانے کا غیرآئینی نوٹیفیکیشن مسترد کرتا ہوں: برطرف گورنر پنجاب

مجھے عہدے سے ہٹانے کا غیرآئینی نوٹیفیکیشن مسترد کرتا ہوں: برطرف گورنر پنجاب
برطرف گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے آئینی ماہرین سے مشاورت شروع کردی۔

عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہےکہ صدر نے غیر معمولی حالات کے پیش نظرسمری مسترد کی، کیبنٹ ڈویژن نےمجھے ہٹانے کا غیر آئینی نوٹی فکیشن جاری کیا جس کو مسترد کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ماہرین سے مشاورت جاری ہے جلد آئندہ کےلائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کے ذرائع نے کہا ہےکہ عمر سرفراز چیمہ گورنر نہیں رہے اس لیے ان کو سکیورٹی نہیں دی جارہی۔

علاوہ ازیں گورنر ہاؤس کے باہر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں اور پولیس کو ہائی الرٹ کردیاگیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ عمر سرفراز چیمہ کو گورنر ہاؤس آنے پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ سینیئر جوائنٹ سیکرٹری کیبنٹ تیمور تجمل کے دستخط سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر عہدےسےہٹایا گیا۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےگورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ہٹانےکی وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کردی تھی۔