'شہباز شریف، میں نے فوج کے خلاف کوئی بات نہیں کی، میر جعفر اور میر صادق تم ہو'

05:03 PM, 10 May, 2022

نیا دور
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر اپنے بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے فوج کیخلاف کوئی بیان نہیں دیا بلکہ وزیراعظم شہباز شریف کو میر جعفر اور میر صادق کہا تھا۔

جہلم میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے مجھ پر الزام لگایا کہ میں پاک فوج کیخلاف بات کر رہا ہوں، ان کو شرم آنی چاہیے، اصل میں میر جعفر اور میر صادق تو وہ خود ہیں۔

عمران خان کا ہہنا تھاب کہ میں نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق کیلئے آواز اٹھائی۔ انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے کہا کہ اس وقت تک دوستی نہیں ہو سکتی جب تک کشمیریوں کو ان کا حق نہیں ملتا۔ بلوچستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا مقصد پاکستان کو توڑنا ہے۔ انہیں پتہ ہے فوج اور عمران خان کے ہوتے ہوئے پاکستان نہیں ٹوٹے گا۔

شریف خاندان کی بھارت سے دوستیوں پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیا، بھارت نے 600 جعلی میڈیا ہاؤسز دنیا بھر میں بنائے، بھارت نے ڈس انفولیب کے ذریعے فوج اور عمران خان کو نشانہ بنایا، نواز شریف نے بھارت میں کشمیریوں سے ملاقات نہیں کی، مودی نے کہا کہ پاکستان کا آرمی چیف دہشت گرد ہے، نواز شریف نے اس کا بھی جواب نہیں دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے امریکا کیخلاف آواز اٹھائی، اس کے خلاف بھی سازش اور مداخلت ہوئی اور پھانسی دیدی گئی، اس کے پیچھے نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی پارٹیاں نکلی تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اقتدار سے نکلنے کے بعد تمہارے لئے زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا، آفس میں میرا وزن بڑھ گیا تھا، انتظار کررہا تھا کب عوام میں آؤں۔



تحریک انصاف کے سربراہ نے آصف زرداری پر بھی تنقید کی اور کہا کہ میں سندھ آ رہا ہوں۔ سندھ کو آصف زرداری سے آزاد کروانا ہے۔ اس نے سندھ کو لوٹ کر لانچوں اور جہازوں میں پیسہ باہر بھیجا۔

قومی اسمبلی میں شہباز شریف کی تقریب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ فوج کیخلاف بات کررہا ہوں، اجازت نہیں دیں گے، میں نے سراج الدولہ سے غداری کرنیوالے میر جعفر کا نام لیا، شہباز شریف کچھ تو شرم کرو، وہ میر جعفر، میر صادق تم ہو۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ 20 مئی کے بعد اسلام آباد آنے کی دعوت دوں گا، پہلے سوچا تھا 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، اب 25 لاکھ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ عوام کے منتخب وزیراعظم کو سازش کے تحت نکالا جاتا ہے، ہماری خود داری کو کرپٹ اور غدار لیڈروں نے ختم کردیا تھا، چیری بلاسم کو اوپر بٹھایا تو قوم جاگ گئی، ان چوروں کی کابینہ میں 60 فیصد ضمانت پر ہیں، جو سزا یافتہ اور مفرور ہے اس نے کابینہ کو لندن بلایا ہے، پوری کابینہ قوم کے پیسے پر لندن جارہی ہے، پاکستانیوں نے فیصلہ کرلیا ہے امپورٹڈ حکومت نامنظور۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف باہر سے سازش ہوئی، امریکی انڈر سیکریٹری ہمارے سفیر کو بلاکر حکم دیتا ہے، کہتا ہے عمران خان کو نہ ہٹایا تو پاکستان پر مشکل وقت آئے گا، کہا گیا چیری بلاسم کو لے آئے تو سب معاف کردیا جائے گا، سازش میں یہاں کے میر جعفر اور میر صادق شرکت کرتے ہیں۔
مزیدخبریں