عمران خان کی گرفتاری: امریکا اور کینیڈا سمیت کئی ممالک کی ٹریول ایڈوائزی جاری

عمران خان کی گرفتاری: امریکا اور کینیڈا سمیت کئی ممالک کی ٹریول ایڈوائزی جاری
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم  عمران خان کی گرفتاری کے بعد امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور یورپی یونین نے اپنے شہریوں کے پاکستان میں سفر کرنے کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔

گزشتہ روز نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سےعوام سے کہا گیا کہ وہ مظاہرے کریں اور ملک میں "تمام سڑکیں بلاک کریں، تمام دکانیں بند کریں"۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، پشاور اور مردان سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کئے۔

ملک بھر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور یورپی یونین نے اپنے شہریوں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔

ٹریول ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ شہری آزاد کشمیر، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

اس حوالے سے کینیڈین ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ دہشت گردی، بدامنی اور اغوا کا خطرہ ہے. مغربی طرز کے ریستورانوں اور شاپنگ سینٹرز میں محتاط رہا جائے۔

کینیڈین ہائی کمیشن کی جانب سے جاری ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔ شہری ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں مظاہرے ہورہے ہوں۔

علاوہ ازیں،  پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے آج اپنی قونصلر سرگرمیوں کو منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد اور دیگر مقامات پر جھڑپوں کی افواہوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی مشن نے اپنے شہریوں کو ہدایت دی کہ محتاط رہیں اور زیادہ ہجوم والے مقامات سے گریز کریں۔ امریکا نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے "ذاتی حفاظتی منصوبوں" پر نظرثانی کریں۔

اسی طرح ایک دن قبل برطانیہ نے پاکستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری کو اپ گریڈ کر دیا۔

قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیش نے یہ خبر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس کا عنوان سفری ہدایات تھا۔ سیاسی ریلیوں اور مظاہروں کے بارے میں تازہ ترین معلومات کے پیش نظر برطانوی شہریوں کو مخصوص مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

دوسری جانب عمران خان کی گرفتاری کے بعد  امریکی محکمۂ خارجہ کا بھی بیان سامنے آگیا۔ امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان گرفتاری کے بارے میں آگاہ ہیں۔ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ امریکا کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتا۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری دنیا میں جمہوری اقدار کی عزت اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہیں اور زور دیتے ہیں کہ تمام مظاہرین پُرامن طور پر اپنی شکایات کا اظہار کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکام بھی حقوق، جمہوری اصولوں کے مطابق تحمل سے جواب دیں۔