'کور کمانڈر لاہور کے گھر پر ہونے والی توڑ پھوڑ ناقابل معافی حرکت ہے'

05:10 PM, 10 May, 2023

نیا دور
کل جو کچھ ملک میں ہوا اس کا قصوروار ہمارا سیاسی نظام ہے۔ ہم جمہوریت کی بات تو کرتے ہیں مگر جب موقع ملتا ہے تو اسے نافذ نہیں کرتے۔ جب فوج آتی ہے تو ہم کہتے ہیں جمہوریت آنی چاہئیے مگر جب جمہوریت آتی ہے تو ہم فوج کو بلا لیتے ہیں۔ کل جو کچھ کور کمانڈر لاہور کے گھر پر ہوا ناقابل معافی ہے۔ ریڈیو پر حملہ ہوتا ہے یا فوجی تنصیبات پر تو یہ مغرب میں بڑی خبر بنتی ہے۔ اگر ملک کی اندرونی صورت حال یہی رہی تو کوئی بھی ملک یہاں آ کر سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔ یہ کہنا ہے سینیئر صحافی پی جے میر کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے سینیئر وکیل حسن رضا پاشا نے کہا کہ نیب ترامیم کے پہلے بینیفشری عمران خان ہیں۔ ہو سکتا ہے جب عمران خان کو نیب سے ضمانت پر رہائی ملے تو وہ اپنی اس درخواست کو واپس لے لیں جس میں انہوں نے سپریم کورٹ میں ان ترامیم کو چیلنج کر رکھا ہے۔ عمران خان کو گرفتار کرنے کی ساری تیاریاں یکم مئی کو ان کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد شروع کر دی گئی تھیں۔ عمران خان کے وزیر احتساب شہزاد اکبر کو بھی اس مقدمے میں پیش کرنا ہوگا، ملک ریاض کو بھی شامل تفتیش کرنا پڑے گا کیونکہ وہ بھی مرکزی ملزم ہیں۔

رپورٹر تجمل بخاری نے بتایا کہ زمان پارک میں آج 2 سے اڑھائی سو سے زیادہ کارکن نہیں موجود تھے اس کے باوجود انہوں نے پولیس کو روک کر رکھا۔ اس سے لگتا ہے کارکنان ابھی تک ڈٹے ہوئے ہیں حالانکہ پی ٹی آئی کی مرکزی لیڈرشپ زمان پارک نہیں پہنچی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک پریشر گروپ ہے جو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی ناکامیوں کا ردعمل ہے۔ جس طرح کل فوجی تنصیبات پر حملہ ہوا بھارت سمیت ایسے ملکوں میں شادیانے بجائے جا رہے ہیں جو پاکستان کو کمزور دیکھنا چاہتے ہیں۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔
مزیدخبریں