ہم نے ایٹم بم بنا لیا لیکن عوام کی زندگی میں آسانی کے لیے کچھ نہیں کیا، شبلی فراز

09:25 AM, 10 Nov, 2021

نیا دور
وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ہم نے عوام کی زندگی کے لیے کچھ نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ورلڈ سائنس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے ایک طرف ایٹم بم بنا لیا لیکن عوام کی زندگی میں آسانی کے لیے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سائنس سے متعلق ہمیں سوچنے کی ضرورت ہے، کیا وجہ ہے کہ ہم سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں؟ اگر ملک میں ترقی خوشحالی اور معیار زندگی بلند کرنا ہے تو سائنس کے میدان میں اگے آنا ہوگا، سائنس کی وجہ سے انسانوں کو فائدہ پہنچانا ضروری ہے، جتنی ریسرچ ہوئی ہے نتائج اتنے نہیں ملے، ریسرچ برائے ریسرچ کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے ملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو ترقی دینی ہے اس سوچ کو توڑنا ہے، ہم نماز پڑھتے ہیں لیکن ہمیں معنی نہیں آتے، اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانی کی ضرورت ہے، گفتار اور عمل کے غازی میں فرق پیدا کرنا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پرائمری لیول سے چہارم کلاس تک اسٹیم پروگرام لارہے ہیں۔ اگلے دو ہفتوں میں اس پروگرام کو صوبوں تک لے جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے شروع سے ہی ماحولیات پر توجہ دی، ایک طرف ہم نے ایٹم بم جہاز بنا لیے، اور دوسری طرف ہم نے عوام کی زندگی میں آسانی کے لیے کچھ نہیں کیا،پرائمری لیول سے چہارم کلاس تک اسٹیم پروگرام لارہے ہیں، اگلے دو ہفتوں میں اس پروگرام کو صوبوں تک لے جائیں گے۔ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ملک میں کلچر ہی نہیں ہے، حالیہ مثال الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہے جسے قبول نہیں کیا جارہا۔
مزیدخبریں