سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی 14 نومبر تک ملتوی

لاہورسے وکلاء صفائی عدالت پیش نہ ہو سکے۔ پراسیکیوٹر ایف آئی اے ذوالفقار عباس نقوی  کے مطابق وکلائے صفائی نے درخواست کی ہے کہ وہ سموگ کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ جبکہ استغاثہ کے 3 گواہوں کے بیانات بھی قلمبند نہ ہوسکے۔

12:04 PM, 10 Nov, 2023

نیا دور

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)   عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

آفیشل سیکریٹ ایکٹ سے متعلق سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کی ۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اورشاہ محمود قریشی کو کمرہ عدالت پہنچایا گیا۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی، شاہ خاور، رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوگئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان صفدر، علی گوہر، عمیر نیازی بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئے ۔

سائفر کیس کی سماعت کے لئے شاہ محمود قریشی کی اہلیہ اور بیٹی بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہیں اور سابق وزیر خارجہ کی جانب سے بیرسٹر تیمور ملک اور فائزہ شاہ عدالت میں پیش ہوئی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی ان کے بیٹوں سے ملاقات بابت عدالت نے سپرنٹینڈنٹ جیل کو بلا کر حکم جاری کیا کہ ہفتہ میں ایک دن چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کے بچوں کی فون پر بات کرائی جائے۔

لاہورسے وکلاء صفائی عدالت پیش نہ ہو سکے۔ پراسیکیوٹر ایف آئی اے ذوالفقار عباس نقوی  کے مطابق وکلائے صفائی نے درخواست کی ہے کہ وہ سموگ کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ جبکہ استغاثہ کے 3 گواہوں کے بیانات بھی قلمبند نہ ہوسکے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید تین گواہان طلب کرتے ہوئے سماعت 14 نومبرتک ملتوی کردی ۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر وزرات خارجہ کے 3 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے تھے۔ عمران خان اور شاہ محمود کے وکلاء نے سرکاری گواہان پر جرح مکمل کی تھی۔

مزیدخبریں