حق بجانب ہوں کہ کیلی فورنیا سے پاکپتن تک تمام کہانیاں منظر عام پر لاؤں: طلال چوہدری کا وزیراعظم کے بیان پر ردعمل

12:49 PM, 10 Oct, 2020

نیا دور
مسلم لیگی رہنماء طلال چوہدری نے وزیر اعظم کی جانب سے کئے گئے طنز پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حق بجانب ہیں کہ لوگوں تک کیلی فورنیا سے پاکپتن کی تمام کہانیاں منظر عام پر لائیں۔ ٹوئیٹر پر جاری بیان میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ذاتی حملہ کر کے ثابت کر دیا کہ چھوٹی سوچ والے انسان بڑے عہدوں پر مسلط کر دئیے گئے ہیں۔ مسلم لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ جس حکومت کو سیاسی مخالف کو اسکینڈلائز کرنے کے لیے خواتین کا نام چاہیئے ہو اس پرترس ہی کھایا جاسکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا یہ اوچھا حملہ ثبوت ہے کہ اپوزیشن ان کے اعصاب پر سوار ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ عمران خان جس نہج پر سیاست لیجانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ وہ کیلی فورنیا سے پاک پتن کی تمام کہانیاں منظر عام پر لانے کیلئے حق بجانب ہیں لہذا ان کے ہر حملے کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے انصاف لائرز ونگ کے سیمینار سے خطاب کے دوران طلال چوہدری کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کا سینئر عہدیدار رات 3 بجے ایک خاتون کے گھر تنظیم سازی کرنے چلا گیا اور پھر بڑا حیران ہوا کہ اس خاتون کے بھائیوں نے اسے کیوں مارا؟
مزیدخبریں