Type to search

خبریں خواتین فيچرڈ کلچر معاشرہ

کراچی کی سیکرٹ ’سپرسٹار‘

شائقین کی ایک بڑی تعداد ان کے فن کی گرویدہ

گزشتہ چند روز سے شہر قائد کراچی میں ہر جانب “ایوا بی” کے چرچے ہیں اور بالخصوص آٹھ مارچ کو یوم خواتین کے موقع پر گلوکارہ اپنے منفرد طرز گائیکی کے باعث سب کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب رہیں۔

ایوا کا تعلق کراچی کے پسماندہ علاقے لیاری سے ہے جہاں لڑکیوں کا موسیقی کے میدان میں آنا اس قدر آسان نہیں ہے۔

ایوا کے میوزک کی انفرادیت یہ ہے کہ نوجوان گلوکارہ نے ریپ میوزک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ یہ مفروضہ عام ہے کہ ریپ میوزک صرف مرد ہی کر سکتے ہیں لیکن ایوا بی نے اس سوچ کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ایوا کے لیے موسیقی کے میدان میں قدم رکھنا اس قدر آسان نہیں تھا لیکن انہوں نے اپنا شوق پورا کرنے کی ٹھان لی اور نقاب پہن کر ریپ میوزک میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے لگیں۔ انہوں نے گیت “اپنا ٹائم آئے گا” گا کر شائقین کی ایک بڑی تعداد کو حیران کیا ہے۔

ایوا بی اپنی شناخت پوشیدہ رکھنے کے لیے نقاب پہن کر گائیکی کرتی ہیں۔ ایوا نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی شناخت نہیں بلکہ اپنا ٹیلنٹ دنیا کو دکھانا ہے، اور میں یہ یقین رکھتی ہوں کہ نقاب پہن کر پرفارم کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں۔

ایوا بی کو ان کے اس مختلف انداز کی وجہ سے ہی کراچی کی سیکرٹ سپرسٹار کہا جا رہا ہے۔ دلچسپ طور پر ایوا بی گلوکارہ کا حقیقی نام نہیں ہے۔

ایوا کا حال ہی میں ریلیز ہونے والا گیت “اپنا ٹائم آئے گا” بھارتی اداکار رنویر سنگھ کی فلم “گلی بوائے” کے گیت “اپنا ٹائم آئے گا” سے متاثر ہو کر لکھا گیا ہے۔ ایوا کے اس گانے کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور یوٹیوب پر بھی اس گانے کے ہی چرچے ہیں۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ میں 2017ء میں ایک فلم “سیکرٹ سپرسٹار” ریلیز ہوئی تھی جس کی کہانی ایوا کی حقیقی زندگی سے خاصی مماثلت رکھتی ہے جس میں اداکارہ نقاب اوڑھ کر گیت گاتی ہے اور بالآخر لوگ اس کے ٹیلنٹ کے معترف ہو جاتے ہیں۔

اور اب ایوا پاکستان کی حقیقی سیکرٹ سپرسٹار ہیں۔

 

 

Tags:

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *