پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور نے ڈان کو بتایا کہ بدھ کے روز 30 سالہ شازیہ سعید، 6 اپریل کو سیالکوٹ سے پیر جانے والی فلائٹ میں فضائی عملے کا حصہ تھیں۔
ترجمان نے بتایا کہ 'خاتون فضائی میزبان نے پیرس سے لاہور آنے والی فلائٹ کے لیے ہوٹل چھوڑا تھا جبکہ پیرس میں موجود پی آئی اے کے منیجر نے اس معاملے (خاتون فضائی میزبان کے لاپتہ ہونے) کے حوالے سے پاکستان میں انتظامیہ کو آگاہ کیا'۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ ایئر ہوسٹس شازیہ نے لاہور سے سفارش کے ذریعے اپنی ڈیوٹی پیرس جانے والی فلائٹ پر لگوائی تھی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے صورتحال سے واقف ہونے کے بعد معاملے کی انکوائری شروع کر دی ہے۔
یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ فضائی میزبان شازیہ کی 09 اپریل کو پیرس سے لاہور کی پرواز پر ڈیوٹی تھی تاہم انہوں ڈیوٹی کیلئے اطلاع نہیں دی۔ حکام کا کہنا ہے ایئر ہوسٹس کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فریحہ مختار نامی ایئرہوسٹس بھی کینیڈا فرار ہوگئی تھی۔