مردان: امدادی رقم کی تقسیم میں کٹوتی پر دو افراد گرفتار

04:01 PM, 11 Apr, 2020

شہزاد یوسفزئی
مردان: کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے مستحق گھرانوں میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 12 ہزار روپے امدادی رقم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے تاہم مذکورہ رقم کی ادائیگیوں میں تقسیم کنندگان کی جانب سے غیر قانونی طور پر رقم کی کٹوتی کی شکایات بھی رپورٹ ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

مردان کے تھانہ طورو میں احساس ریلیف پروگرام کے تحت رقم کی ادائیگی میں غیر قانونی طور پر 300 سے 500 روپے تک کی کٹوتی پر دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول محمد ولی کلے طورو میں مستحق افراد میں رقم کی تقیسم کا عمل جاری تھا جب رقم وصول کرنے والے متعدد افراد نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو تقسیم کنندگان کی جانب سے رقم کی کٹوتی کی شکایت کی۔ جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جنید علی سکنہ طورو اور معاذ احمد عمر بابا محب بانڈہ سے غیر قانونی طور پر وصول کی گئی رقم برآمد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔



ملزمان کے خلاف پی پی سی کی دفعات 419، 420 اور 188/409 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تھانہ گھڑی کپور، تھانہ پار ہوتی اور تھانہ سٹی میں بھی اس نوعیت کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
مزیدخبریں