انڈین وزیراعظم کی شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد

05:00 PM, 11 Apr, 2022

نیا دور
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے میاں محمد شہباز شریف کو پاکستان کا نیا وزیراعظم بننے پر دلی مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ میں میاں محمد شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ہندوستان دہشت گردی سے پاک خطہ میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاکہ ہم اپنے ترقیاتی چیلنجوں پر توجہ مرکوز کر سکیں اور اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: محمد شہباز شریف نے وزیراعظم پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف نے پاکستان کے 23ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان سے حلف لیا۔ اس پروقار تقریب میں متحدہ اپوزیشن کے تمام سرکردہ رہنمائوں نے شرکت کی۔

https://twitter.com/narendramodi/status/1513556114855501829?s=20&t=uCxXk-o1S6tzHAmy2lmmJw

نئے قائد ایوان کے لیے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف اور تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی وزیراعظم کے امیدوار تھے۔ تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد شہباز شریف واحد امیدوار رہ گئے۔ شہباز شریف کو ایوان میں 174 ووٹ ملے جس کے بعد وہ پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے شہباز شریف کی کامیابی کانوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن گزٹ آف پاکستان میں اشاعت کیلئے پرنٹنگ کارپوریشن کو بھجوا دیا گیا ہے۔

 
مزیدخبریں