میرے شوہر سے زیادہ قابل، عزم وہمت والا، غریب نواز کوئی اور نہیں: خاتون اول تہمینہ درانی

06:16 PM, 11 Apr, 2022

نیا دور
خاتون اول تہمینہ درانی نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد ضرور دیں لیکن اس کیساتھ ساتھ ان کو دعائوں میں بھی بہت یاد رکھیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ان کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری ڈال دی ہے۔

پی این این کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تہمینہ درانی کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک آج جس موڑ پر کھڑا ہے، اس موقع پر شہباز شریف کو اقتدار ملنا کوئی بادشاہت نہیں ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ یہ صرف ان کے کاندھوں پر پہاڑ نہیں بلکہ مجھ پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہو گئی ہے۔

تہمینہ درانی کا کہنا تھا کہ اب ہم صحیح معنوں میں عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔ میاں صاحب کو جتنی بھی مدت کیلئے وزارت عظمیٰ کا عہدہ ملا ہے، اس میں انہوں نے ملک کو درست سمت میں ڈالنا ہے اور ملکی معیشت کو ٹھیک کرنا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ میری اور میاں شہباز شریف کی شادی کو لگ بھگ 19 سال ہو چکے ہیں۔ جو لوگ مجھے جانتے ہیں، انھیں اس بات کا اچھی طرح علم ہے کہ میں ایسے ہی کسی کیساتھ کھڑی نہیں ہوتی۔ میرے شوہر سے زیادہ قابل، عزم وہمت والا، زیادہ غریب نواز کوئی اور نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی ایک سیکنڈ بھی میاں شہباز شریف کو آرام کرتے نہیں دیکھا۔ وہ جب 10 سال تک پنجاب کے وزیراعلیٰ رہے تو اس عرصہ میں شاید ہی ہماری کبھی ملاقات ہوئی ہو۔

میاں شہباز شریف کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ یہ رب تعالیٰ کا کام ہے جو اس نے میرے شوہر کے سپرد کر دیا ہے۔ یہ بہت بڑی نوکری ہے۔ میری دلی دعا ہے کہ وہ اس نوکری کو نبھا سکیں۔ اور ملک کے پسے ہوئے غریب عوام کیلئے کچھ کر سکیں۔
مزیدخبریں