نااہل حکمران کو بائڈن فون نہیں کرتا،مودی فون نہیں اٹھاتا: پی ڈی ایم کا پھر سے جلسے کرنے کا اعلان

06:25 PM, 11 Aug, 2021

نیا دور
حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پھر متحرک  ہوگیا، 29 اگست کو کراچی میں پاور شو کرنےکا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا، جس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ مسلم لیگ ن کا وفد شہباز شریف کی قیادت میں شریک ہوا، نواز شریف اور مریم نواز  بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  جعلی حکومت ناکام ہوچکی ، ملک پر الیکشن چور سلیکٹڈ حکومت مسلط ہے ،قومی احتساب بیورو(نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سیاسی ادارے بن چکے ہیں  اور اپوزیشن کے خلاف سیاسی انتقام کے لیے استعمال ہورہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی ، بے روزگاری اورظلم کے ریکارڈ توڑ دیے ، سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کو بیٹھنے کی اجازت نہ ملنے سے ملکی مفاد کے ساتھ وقار بھی تباہ ہوا، نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے، بائیڈن ان کو فون کرتا نہیں اور مودی ان کا فون سنتا نہیں ہے۔
پی ڈی ایم کے صدرکا کہنا تھا کہ 21 اگست کو اسلام آباد میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا،اس کے بعد 28 اگست کو کراچی میں سربراہی اجلاس ہوگا اور 29 اگست کو کراچی میں  ہی پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ملک میں آئین کی حکمرانی چاہتی ہے، نواز شریف کی صحت پر سیاست گری ہوئی حرکت ہے ، وہ علاج کرائے بغیر پاکستان نہیں آئيں گے ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گاڑی سستی  اور روٹی مہنگی ہوگئی ہے، دودھ چینی ہر چیز عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت عالمی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے، پی ڈی ایم اور ن لیگ آزادانہ اور شفاف انتخابات چاہتی ہے۔
مزیدخبریں