'میں نے بیان سوچ سمجھ کر دیا، شہباز گل نے فوج سے متعلق بیان دینے کا اعتراف کرلیا'

01:51 PM, 11 Aug, 2022

نیا دور
پولیس کی تحویل میں موجود پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے فوج سے متعلق دیئے گئے اپنے بیان کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا خیال ہے کہ میں نے پارٹی لائن سے ہٹ کر کوئی بات نہیں کی اور بیان سوچ سمجھ کر دیا تھا۔

پولیس نے کہا ہے کہ شہباز گل نے انکشاف کیا کہ مقدمے کے حوالے سے بہت سا مواد میرے موبائل میں موجود ہے۔ جو ان کے ڈرائیور کے پاس ہے۔ پولیس پارٹی شہباز گل کے انکشاف پر ملزم کا موبائل برآمد کرنے گئی تھی، لیکن اظہار اللہ کے گھر پہنچنے پر ملزم واہلیہ اور 6 نامعلوم افراد نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا۔

ایف آئی آر کے مطابق موقع سے ایک ملزم نعمان اور اس کی اہلیہ سارہ مہرین کو گرفتار کرلیا گیا، جب کہ حزب اللہ، اظہار اللہ، سردار عمران، ظفر اقبال اور دیگر دو ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

خیال رہے کہ پولیس نے9 اگست کے روز شہباز گل کو بغاوت کے کیس میں اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہبازگل کے بیان اور تقریر کا مقصد فوج میں بغاوت پھیلانا اور سازش کرنا تھا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل نے کوشش کی فوج کے مختلف گروہ بن جائیں، ان کا مقصد فوجی جوانوں کو اپنے افسران کا حکم نہ ماننے کی ترغیب دینا تھا، شہباز گل نے ملک میں انتشار پھیلانے اور فوج کو کمزور اور تقسیم کرنے کیلئے بیان دیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہباز گل نے پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کیلئے بیان دیا اور ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل کرتے ہوئے مجرمانہ سازش کا مرتکب ہوا۔
مزیدخبریں