وفاقی دارالحکومت کی عدالت عالیہ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بینچ نے آصف علی زرداری کی جانب سے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر پیش ہوئے جبکہ عدالت عالیہ میں آصف زرداری کے وکیل کے علاوہ ان کے صاحبزادے اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹر اور آصف زرداری کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ایک کروڑ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی۔
گذشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت بعد از گرفتاری کے معاملے پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں عدالت عالیہ میں سابق صدر کی جانب سے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے عدالت میں جعلی اکاؤنٹس اور پارک لین کیسز میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔ آصف زرداری کی جانب سے طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے دائر کی گئی درخواست میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور احتساب عدالت نمبر 2 کو فریق بنایا گیا تھا۔
آصف زرداری نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا جبکہ ان کے اوپر بنائے گئے کیسز جعلی اور من گھڑت ہیں۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ آصف علی زرداری دل کے مریض ہیں اور ان کے 3 اسٹنٹ ڈلے ہوئے ہیں جبکہ ان کے سینے سے ہولٹر مانیٹر بھی لگا ہوا ہے تاکہ ڈاکٹر ان کی دھڑکن کو مانیٹر کرسکیں۔ ساتھ ہی آصف زرداری نے یہ موقف اپنایا کہ ان کو ذیابیطس کا مرض بھی ہے اور ان کا شوگر لیول اوپر اور نیچے خطرناک حد تک ہوتا رہتا ہے، جس کی نگرانی کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ درخواست میں کہا گیا تھا کہ درخواست گزار کو مزید بیماریاں بھی لاحق ہیں، لہٰذا ان کے علاج کے لیے طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کی جائے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا قومی احتساب بیورو (نیب) فریال تالپور کیس میں ہم پر دباؤ ڈالنا چاہتا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ حکومت اگر سمجھتی ہے کہ ہم ان کے ہتھکنڈوں سے ڈر جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔
سابق صدر کی ضمانت پر رہائی سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے بھی آصف زرداری کی رہائی کے لیے دعائیں کی ہیں ان کے شکر گزار ہیں، آصف علی زرداری صاحب کا جلد علاج ہو گا۔
حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا نالائق اور نااہل حکومت نے سیاست اور معیشت کو تباہ حال کر دیا ہے، زرداری صاحب شکاری ہیں اور کھلاڑی کا شکار کریں گے۔