اسد شفیق نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

اسد شفیق نے کہا کہ آج میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں۔ ریٹائرمنٹ کے لیے کوئی دباؤ نہیں تھا۔ پیٹرنز ٹرافی کے تین میچز کھیلنے کے  بعد ڈومیسٹک کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوجاؤں گا۔ 

12:40 PM, 11 Dec, 2023

ذیشان نواز

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے بلے باز اسد شفیق نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

قومی کرکٹر نے گزشتہ روز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ فائنل میں کراچی وائٹس کی طرف سے اپنا آخری میچ کھیلا۔ کراچی وائٹس نے ایبٹ آباد ریجن کو 9 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹرافی اٹھائی۔

اسد شفیق کو فائنل میچ کے اختتام پر کراچی وائٹس کے کھلاڑیوں نے گارڈ آف آرنر بھی پیش کیا۔ اسد آخری میچ میں بطور بلے باز اپنی اننگز یادگار تو نہ بنا سکے لیکن بہترین کپتانی کرتے ہوئے ٹیم کو فتح ضرور دلائی۔

پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں۔ ریٹائرمنٹ کے لیے کوئی دباؤ نہیں تھا۔ پیٹرنز ٹرافی کے تین میچز کھیلنے کے  بعد ڈومیسٹک کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوجاؤں گا۔ 

اسد شفیق کا کہنا تھا کہ اب میں وہ جوش محسوس نہیں کررہا تھا جو شروع میں تھا۔ پورے کیرئیر میں جن لوگوں نے سپورٹ کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔   پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے سلیکشن کمیٹی میں شمولیت کی پیشکش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔ پاکستان کی تاریخ میں مصباح الحق سب سے بہترین کپتان رہے۔

واضح  رہے کہ اسد شفیق نے 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا ڈیبیو میچ کھیلا جبکہ آخری انٹرنیشنل میچ انگلینڈ کیخلاف 2020 میں کھیلے۔ 

کراچی سے تعلق رکھنے والے37سالہ اسد شفیق نے 191 فرسٹ کلاس میچز میں 12042رنز جبکہ 162 لسٹ اے میچز میں 5784 رنز بنائے مجموعی ٹی ٹوئنٹی میچز میں اسد نے 127میچز کھیل کر 2698 رنز سکور  اپنے نام کئے ہیں۔

اسد شفیق نے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 77 ٹیسٹ ، 60 ایک روزہ بین الاقوامی اور 10 ٹی ٹوئنٹی کھیلے۔

مزیدخبریں