بیوی کی اجازت کے بغیر تیسری شادی شوہر کو مہنگی پڑ گئی، سرعام پٹائی

09:49 AM, 11 Feb, 2020

نیا دور
کراچی سے تعلق رکھنے والے شہری کو تیسری شادی کرنا مہنگا پڑ گیا، ولیمے کی تقریب میں پہلی بیوی بچے سمیت پہنچ گئی۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ہونے والی ولیمے کی تقریب میں پہلی اہلیہ بچے سمیت وہاں پہنچ گئیں۔ خاتون کے وہاں پہنچنے پر دلہن کے گھر والے حیران رہ گئے اور معاملے پر بات کرنے کے لیے کمرے میں لے گئے، تاہم اس پورے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دلہے کی پہلی اہلیہ تقریب میں چیخ پکار کر کے اس شادی کو روکنے کی کوشش کرتی ہے اور دلہن کے گھر والوں کو یہ بتاتی ہے کہ وہ آصف کی پہلی بیوی ہیں جبکہ اس نے ایک اور خاتون سے دوسری شادی بھی کی ہوئی ہے۔

آصف کی پہلی اہلیہ نے بتایا کہ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ تین دن کے لیے حیدرآباد جا رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ وہ بغیر اجازت تیسری شادی کر رہا ہے۔



دلہے کی سابقہ شادیوں کے بارے میں معلوم ہونے پر دلہن کے عزیز جو آصف کو اس واقعے سے کچھ دیر قبل تک عزت دے رہے تھے انہوں نے دُلہا کی خوب پٹائی کی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دلہے کو حراست میں لے لیا۔

تھانے کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے دُلہے کی دوسری اہلیہ نے کہا کہ اس کے ساتھ آصف کا سلوک اچھا نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آصف انہیں اکثر چھوڑنے اور دوبارہ شادی کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔

دُلہے آصف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے تشدد کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے جبکہ یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ اپنی پہلی اہلیہ سے علحیدگی اختیار کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ مسلم فیملی آرڈیننس1961 کے تحت پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے کو قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
مزیدخبریں