’پی ٹی آئی کے اتنے لوگ رابطے میں ہیں کہ سمجھ نہیں آرہا کسے رکھیں اور کسے نہیں‘

06:03 AM, 11 Feb, 2022

نیا دور
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا ہےکہ ان کی جماعت سے پی ٹی آئی کے اتنے لوگ رابطے میں ہیں کہ سمجھ نہیں آرہا کسے رکھیں اور کسے نہ رکھیں۔

رانا ثنااللہ نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں علما ونگ کی تنظیم سازی مکمل کرنے کے بعد پریس کانفرنس کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے شدید عوامی دباؤ ہے، جہاں جاتے ہیں سوال ہوتا ہےکہ اپوزیشن اس نااہل اور کرپٹ حکومت سے کب جان چھڑائےگی؟ مسلم لیگ (ن) کسی کے اشارے پر نہیں بلکہ عوامی دباؤ پر حکومت کے خلاف اقدامات کررہی ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کئی لوگ رابطے میں ہیں، تعداد اتنی زیادہ ہے کہ سوچ رہے ہیں کسے رکھیں کسے نہ رکھیں، اب تو ان کے اپنے لوگ پی ٹی آئی ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑنا چاہتے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 2018 میں مسلم لیگ (ن) حکومت کے خلاف سازش کے تحت دھرنے ہوئے، ہماری کسی سے لڑائی نہیں ، صرف ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں فیصلوں کا اختیار نوازشریف کو دے دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے وزرا کو تعریفی اسناد دینے پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے مراد سعید کو نمبر وَن وزیر اس لیے قرار دیا کیونکہ اس جیسی کارکردگی کسی اور کی ہو ہی نہیں سکتی۔

لیگی رہنما نے صحت کارڈ کو بڑا فراڈ بھی قرار دیا۔
مزیدخبریں