عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کا سیاست میں آنے کا اعلان

11:33 AM, 11 Feb, 2022

نیا دور
وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے سیاست میں آنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے اعلان فیصل آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی سیاست میں آنے سے نہیں روک سکتا۔ میں بالکل سیاست میں آنا چاہوں گی۔ مجھے صحافی حضرات جس جماعت میں شمولیت کا مشورہ دیں گے، میں وہاں چلی جاؤں گی۔

عمران خان کی سابق اہلیہ کا کہنا تھا کہ سیاست میں آنے کیلئے میرا مقصد وزیر بننا نہیں ہے۔ میں نے ہمیشہ مجبور اور مظلوم کا ساتھ دیا ہے

انہوں نے فیصل آباد میں سڑکوں کی خستہ حالت زار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے سے اترنے کے بعد سمندری فیصل آباد روڈ پر پہنچی تو ایسا لگا جیسے کسی جنگ زدہ علاقے میں آگئی ہوں۔



ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے باسیوں میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ یہ کوئی وزیرستان نہیں جو یہاں ایسی سڑکیں ہوں۔ جب تک عوام حکمرانوں سے سوال نہیں کریں گے، ہماری حالت ایسی ہی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ میرا فیصل آباد آنے کا مقصد یہ ہے قوم جاگ جائے، ہمیں منظم انداز میں اپنا حق لینا ہوگا۔ میں یہ برداشت نہیں کرسکتی کہ کسی کے ساتھ ظلم و زیادتی ہو۔ حکومت نے غریبوں کے گھروں پر بلڈوزر چلادیا ہے۔ فیصل آباد سے منتخب ہونے والا وزیر آپ کا نوکر ہے۔

ریحام نے اپنے حوالے سے دلچسپ بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے اندر ایک پنجابی روح ہے۔ پنجابی امریکا جا کر ابگلش بولنا شروع کر دیتا ہے تاہم پٹھان جہاں جاتا ہے اپنی زبان پشتو ہی میں بات کرتا ہے۔ مجھ سے جب پنجابی میں سوال ہوتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔ ہماری زندگیاں اسی مٹی سے جڑی ہوئی ہیں۔
مزیدخبریں