اے آر وائی نیوز کے مطابق اٹارنی جنرل آفس نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ بارے میڈیکل بورڈ کو خط لکھا تھا۔ اس پر میڈیکل بورڈ کی جانب سے محکمہ صحت کو اپنی رائے سے آگاہ کر دیا ہے۔
سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل 9 رکنی بورڈ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت سے متعلق مشہور امریکی ڈاکٹر فیاض شال کی میڈیکل رپورٹ کو نامکمل قرار دے کر اسے صرف ایک ڈاکٹر کی رائے قرار دیدیا ہے۔
میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی طبی رپورٹ صرف ڈاکٹر فیاض شال کی رائے ہے، اس کے ساتھ لیبارٹری رپورٹ کو منسلک ہی نہیں کیا گئا۔ میڈیکل بورڈ کو سابق وزیراعظم کی طبی صورتحال اور صحت سے متعلق کسی مستند لیبارٹری یا ادارے کی رپورٹ نہیں دی گئی۔
خیال رہے کہ یہ میڈیکل بورڈ اس سے پہلے میاں نواز شریف کی ماضی میں دی گئی طبی رپورٹوں پر اپنی یہی رائے دے چکا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اطلاعات فرخ حبیب نے بھی کچھ روز قبل اپنے بیان کہا تھا کہ عدالت میں جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ نہیں، وہ صرف ایک تجزیہ ہے۔