شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو دن میں تارے دکھا دیں گے، عطاء اللہ تارڑ

02:11 PM, 11 Feb, 2022

نیا دور
مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ مصدقہ اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے مشیر احتساب بریگیڈئیر ریٹائرڈ مصدق عباسی کو یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ شہباز شریف کو ہر حال میں گرفتار کیا جائے۔
عطاء اللہ تارڑ کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ماضی میں بھی حکومتی ایما پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری عمل میں آ چکی ہے۔ انھیں صرف عمران خان کی انا کی وجہ سے گرفتار کیا گیا۔
شہباز شریف کیخلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا
لیگی رہنما نے کہا کہ شہباز شریف کو ایک ایسے کیس میں گرفتار کیا، جس میں جب ہائیکورٹ نے ضمانت دی تو اپنے ریمارکس میں کہا کہ اس کیس میں کوئی کمیشن، کک بیکس اور حتیٰ کے اختیارات کا ناجائز استعمال تک نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بعد ازاں رمضان شوگر ملز کیس کی گرفتاری بھی ڈالی گئی۔ اسی دوران ہی اثاثہ جات کی چھان بین شروع کر دی گئی تھی۔
شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی کوشش پر بھرپور مزاحمت کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ اثاثہ جات کی چھان بین کے باوجود انھیں اس کیس میں گرفتار کیا گیا۔ اب شہباز شریف سوا سال کی جیل کاٹ آئے ہیں۔ ہم نے بہت ہمت، حوصلے اور صبر کیساتھ ان تمام چیزوں کا مقابلہ کیا ہے۔ مگر اب عمران خان یہ سمجھتے ہیں کہ ملک میں غربت، بے روزگاری، بھوک اور معیشت کی تباہ حالی سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے شہباز شریف کو گرفتار کیا جائے تو ایسا نہیں ہوگا۔

https://twitter.com/Faisal_hashmii/status/1492129796318543874?s=20&t=ZDl2vhesA58At2-y_szwGw
شہباز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دیکھا جائے کہ برطانیہ کی عدالتیں کیا کہہ رہی ہیں اور لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے اثاثہ جات کیس میں کہا تھا کہ شہباز شریف پر کرپشن کا الزام تک نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اور ان کے تمام حواری کان کھول کر اچھی طرح سن لیں کہ ہم نے بھرپور قانونی جنگ لڑی ہے۔ مگر آپ خود مالم جبہ، آٹا سکینڈل، چینی سکینڈل سے لے کر پبلک منی کے اربوں روپوں کی کرپشن کے سکینڈلز میں ملوث ہیں۔
عمران خان اب ایف آئی اے اور نیب کا کھیل نہ کھیلیں
ان کا کہنا تھا کہ آپ سے بی آر ٹی منصوبے کا جواب دیا نہیں جا رہا۔ فارن فنڈنگ سے ملازمین کے اکائونٹس میں پیسے آئے ہوئے ہیں۔ ہم اس پر اب بھرپور ردعمل دیں گے۔ اور اب عمران خان کو ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ایف آئی اے اور نیب کے ذریعے اس طرح کے کھیل کھیلیں۔
انہوں نے عمران خان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب گھر جانے کا وقت آپ کا آ رہا ہے۔ ہم ایک ایک پائی کا آپ سے حساب لیں گے۔ ہماری جماعت متحد ہے۔ ہم احتجاج بھی کریں گے۔ ہم دن میں تارے دکھا دیں گے، اگر کسی نے شہباز شریف کی جانب ہاتھ بھی بڑھانے کی کوشش کی۔
مزیدخبریں