پی ٹی آئی کا شہباز شریف کیخلاف عدالتی کارروائی لائیو دکھانے کا مطالبہ

03:49 PM, 11 Feb, 2022

نیا دور
تحریک انصاف نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف عدالتی کارروائی براہ راست دکھانے کے مطالبے کی قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں شہباز شریف کے خلاف قرارداد پی ٹی آئی رکن اسمبلی فرخ حبیب پیش کریں گے۔ قرارداد میں یہ مطالبہ کیا جائے گا کہ منی لانڈرنگ کیس کے فیصلے تک شہباز شریف کو قومی اسمبلی میں تقریر نہیں کرنے دی جائے گی۔

اس ضمن میں قانونی اور سیاسی محاذ کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کا کیس براہ راست دکھایا جائے۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی میں شہباز شریف کی تقریر کے دوران بھرپور احتجاج بھی کریں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سارے کے سارے ادارے مل کر الٹے ہوگئے لیکن کچھ نہیں نکلا۔ قبر میں بھی چلا جاؤں تو حقائق نہیں بدلوں گا۔ ایک ایک دھیلے کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ موجود ہے۔

لاہور کی احتساب عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا مجھے نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا۔ پونے 2 سال سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکومت میرے اکاؤنٹ فریز کرواتی رہی۔ تاہم اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ میرے اوپر گرانٹ میں کرپشن کا الزام لگایا گیا۔ کرپشن تو دور کی بات ہے، میں نے غریب قوم کے ایک ہزار ارب کی بچت کی اور عوامی مفاد میں کئی پروجیکٹ کا انقعاد کیا۔ صاف وشفاف بولی کروائی اور کم ترین سطح پر پروجیکٹ کے ٹھیکے دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں خود بولی کو کم سے کم کروانے کے لئے کمپنوں سے مشاورت کرتا تھا۔ اگر عوامی پیسے کا احساس نہ ہوتا تو میں یہی پروجیکٹ کروڑوں میں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 2004ء میں برطانیہ سے پاکستان آنے کی کوشش کی۔ میرے اور سلمان شہباز کے خلاف برطانیہ میں تحقیقات شروع ہوئیں۔ میں نے وہاں رہ کر اثاثے بنائے جس کا سارا ریکارڈ موجود ہے۔
مزیدخبریں