میں نے آصف کو لڑائی کے دوران ایک بلا مارا تھا جو اسے دو مارنے چاہیے تھے: شعیب اختر

09:07 AM, 11 Jan, 2022

نیا دور
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے محمد آصف سے ہونے والی تلخ کلامی پر گفتگو کی ہے۔

نجی چینل پر ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے اپنے کیرئیر اور اس دوران پیش آنے والے واقعات پر گفتگو کی تھی۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میرے بارے میں مشہور تھا کہ کہ میں لڑتا بہت ہوں لیکن جو بھی مجھ سے یہ بات کہتا تھا کہ میں ان سے کہتا تھا آپ اپنا آپ مجھ میں کیوں دیکھ رہے ہو؟ لیکن کچھ عرصے بعد وہ سب لوگ خود ایکسپوز ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ حالانکہ میرے 14 سالہ کیرئیر میں میری صرف دو دفعہ لڑائی ہوئی، ایک بار آصف سے جب میں نے اسے ایک بلا مارا جو کہ اسے دو بار مارنا چاہیے تھا۔

اس دوران شعیب اختر نے اپنی گفتگو میں دوسری لڑائی کا ذکر نہیں کیا۔

2007 میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران ڈریسنگ روم میں شعیب اختر اور محمد آصف کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا تھا جس پر غصے میں آکر شعیب نے آصف کو بلا دے مارا تھا اور اس کے نتیجے میں محمد آصف زخمی ہوئے تھے تاہم دونوں کھلاڑیوں کے درمیان لڑائی کی وجہ معلوم نہ ہوسکی تھی۔

دوران گفتگو شعیب نے میزبان کے سوال پر اپنی بال سے زخمی ہوجانے والے کھلاڑیوں سے متعلق گفتگو بھی کی۔

شعیب اختر نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں 31 کھلاڑیوں کو اپنی بال سے زخمی کیا اور 40 فرسٹ کلاس کرکٹر بھی ان کی گیند سے زخمی ہوئے۔

سابق کرکٹر کاکہنا تھا کہ بال سے متاثر ہونے والے کھلاڑیوں کی تعداد انٹرنیشنل ریٹنگ میں بھی موجود ہے۔
مزیدخبریں