پی ایس ایل 7: کرکٹ شائقین کیلئے خوشخبری، مفت ٹکٹوں کی آفر

01:17 PM, 11 Jan, 2022

نیا دور
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج شروع ہوگئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ شائقین کو مفت ٹکٹیں دینے کی بھی پیشکش کی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آن لائن ٹکٹ بک کرانے کے لئے کورونا ویکسین اور ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 6 ٹکٹ خریدے جا سکیں گے۔ چار ٹکٹ خریدنے پر ایک ٹکٹ مفت ملے گی۔

راؤنڈ میچز کی قیمت ڈھائی سو سے تین ہزار تک جبکہ فائنل راؤنڈ میں اس کی قیمت پانچ سو سے چار ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی اور قذافی سٹیڈیم لاہور میں فی الحال 100 فیصد تماشائیوں کو میچز دیکھنے کی اجازت ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس اور اومیکرون صورتحال کو پیش نظر پی ایس ایل میچوں میں تماشائیوں کی تعداد کو نصف بھی کیا جا سکتا ہے۔

پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے لئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آغاز بک می ڈاٹ کام پر کیا گیا ہے۔ 27 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل سٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرا مرحلہ 10 سے 27 فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی مرتبہ خصوصی پیشکش متعارف کروائی ہے جس کے تحت 17 جنوری تک بک کی جانے والی فرسٹ کلاس اور جنرل سٹینڈز کی ٹکٹوں پر خصوصی رعایت دی جائے گی۔ ان میں پلے آف یا فائنل کے ٹکٹ شامل نہیں ہوں گے۔

ٹکٹ خریدتے وقت شائقینِ کرکٹ کو اپنا درست کووڈ ویکسینیشن سرٹیفیکٹ لازمی دکھانا ہوگا۔ کوئی بھی شہری ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 6 ٹکٹیں خرید سکتا ہے۔

اس عمل کے لئے شہری کو اپنا شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر لازمی دینا ہو گا جہاں ایزی پیسہ، جاز کیش، کریڈٹ کارڈ یا این آئی ایف ٹی کے ذریعے رقم جمع کروائی جا سکے گی۔ بک می ڈاٹ پی نے شائقین کی سہولت کے لئے ایک ہیلپ لائن نمبر (03137786888) بھی مختص کر دیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو سٹیڈیم میں داخلے کے لئے کووڈ کی مکمل ویکسینیشن کا درست سرٹیفیکٹ لازمی دکھانا ہوگا۔

27 جنوری کو شیڈول ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ کے لئے جنرل سٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میچ کے فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1500 روپے جبکہ پریمیئم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 2000 روپے اور وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 2500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

پی ایس ایل ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے جنرل سٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 1500 روپے، فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 2500 روپے، پریمیئم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 3000 روپے اور وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 4000 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح ایونٹ کے پلے آف میچز کے لئے جنرل اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے، فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 2000 روپے، پریمیئم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 2500 روپے اور وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 3000 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کو ہاسپٹیالٹی سٹینڈز کا درجہ دیا گیا ہے۔ ان اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمتیں 4000 ہزار سے 7000 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔

 
مزیدخبریں