'فرح گوگی کو پاکستان چھوڑنے کی اجازت جنرل باجوہ نے دی'

10:09 AM, 11 Jan, 2023

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف کے سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ ہی تھے جنہوں نے سابق خاتون اول بشریٰ خان کی قریبی دوست اور معاون فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کو پاکستان چھوڑنے کی اجازت دی۔ واوڈا نے کہا کہ "جب فرح ملک چھوڑ کر چلی گئیں تو باجوہ صاحب کو اس کا علم تھا۔

ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ جب سابق خاتون اول بشریٰ خان کی قریبی دوست اور معاون فرح گوگی ملک چھوڑ کر چلی گئیں تو سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کو اس کا علم تھا۔ انہوں نے ہی فرح گوگی کو پاکستان چھوڑنے کی اجازت دی۔

پی ٹی آئی کے سابق قانون ساز، جو گزشتہ سال کے آخر سے پارٹی سے الگ ہیں، نے ریٹائرڈ جنرل باجوہ کے ان تمام 'احسانات' کے بارے میں تبصرہ کیا جو انہوں نے پی ٹی آئی اور عمران خان پر ذاتی طور پر کیے تھے۔ واوڈا نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ایک 'بندگلی' میں پھنس گئے ہیں، اور جلد ہی عہدے سے نااہل ہو نے والے ہیں۔

واوڈا نےکہا کہ سب کو خوش کرنے کی کوشش میں جنرل باجوہ اب تکلیف اٹھا رہے ہیں اور اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔ جب محترمہ فرح نے ملک چھوڑنا چاہا تو انہیں جنرل باجوہ کے علم اور اجازت سے جانے دیا گیا۔ کیونکہ اگر فرح گوگی کو نہ جانے دیا جاتا تو عمران خان برا مان جاتے اور  اس کو ذاتی طور پر لیتے۔

واوڈا نے کہا کہ جنرل باجوہ اتنے محتاط تھے کہ وہ کسی بھی حد تک نہیں جانا چاہتے تھے جسے عمران خان اپنی ذاتی توہین سمجھتے۔

فیصل واوڈا نے کہا، "ایک ایسا شخص جس نے آپ پر  بہت سے احسانات کیے۔ آپ اس کی توہین کریں یہ مناسب نہیں ہے۔" انہوں نے سوال کیا کہ اگر جنرل باجوہ اتنے ہی برے تھے تو آپ نے انہیں توسیع کیوں دی؟ اور اگر وہ واقعی اتنے ہی سازشی تھے تو آپ ان کی چھ ماہ کی توسیع کا مطالبہ کیوں کر رہے تھے؟ آپ اس مبینہ برے شخص کے تحت الیکشن کروانا چاہتے تھے؟

فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ ان کے سینے میں بہت سے راز دفن ہیں اور اگر وہ ان کو ظاہر کر دیں تو ملک میں افراتفری پھیل جائے گی۔
مزیدخبریں