الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 4 رکنی کمیشن کے سامنے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف توہین ای سی پی کیس کی سماعت ہوئی۔جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل، سابق وفاقی وزراء اسد عمراور فواد چوہدری، اور ان کے وکیل بھی پیش نہیں ہوئے۔
دوران سماعت معاون وکیل کا کہنا تھا کہ اسدعمر نے ڈاکٹر سے طبی معائنہ کرانا ہے۔ وہ پیش ہوتے رہتے ہیں۔ لہٰذا آج انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
معاون وکیل نے بتایا کہ فواد چوہدری لاہور جبکہ فیصل چوہدری اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہیں، فیصل چوہدری نے الیکشن کمیشن آنے کا کہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اسد عمر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرانے کی ہدایت کردی جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
رواں برس 10 جنوری کو بھی الیکشن کمیشن نے اسی معاملے میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔