چوہدری پرویز الہٰی پی ٹی آئی چھوڑنے پر رضامند ہو گئے، جاوید چوہدری کا دعوی

02:07 PM, 11 Jul, 2023

نیا دور
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے پر رضامند ہو گئے ہیں تاہم مونس الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے لیے اپنے والد کی قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

سینئر صحافی اور تجزیہ کار جاوید چوہدری نے اپنے حالیہ وی لاگ میں دعویٰ کیا کہ چوہدری پرویز الہٰی پی ٹی آئی اور عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کے لیے رضامند ہو گئے ہیں۔ ان کے بھائی اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے متعدد بار ان سے ملاقات کی اور انہیں کہا کہ اپنی صحت کو دیکھیں۔ پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیں اور ضمانت لے کر آرام سے گھر جائیں۔ اس پر پرویز الٰہی  نے کہا کہ میں خود بہت پریشان ہوں۔ مونس مجھے پھنسا کر چلا گیا ہے۔ کیسے اس مشکل سے نکلوں کیونکہ جیل میں میرے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہو رہا۔

ہر پیشی پر  چوہدری پرویز الٰہی کے صحت مزید خراب نظر آتی ہے۔ انہوں نے عدالت میں پیشی کےموقع پر بتایا تھا کہ جیل میں ان کے ساتھ بہت برا سلوک ہو رہا ہے۔ ان کو جس سیل میں رکھا گیا ہے اس میں ٹانگیں بھی سیدھی نہیں ہوتیں۔ وہاں کیڑے ہیں۔ نہ اے سی ہے نہ پنکھا۔ واش روم بھی وہیں ہے۔ پی ٹی آئی میں ہونے کے باعث میرے ساتھ یہ سلوک ہورہا ہے۔ دس دن سے ایک ہی شلوار قمیض پہنی ہوئی ہے۔ دوائی نہ ہی ڈاکٹر کی سہولت ہے۔ میری ادویات مجھ تک نہیں پہنچ رہیں۔ کوئی سہولت نہیں دی جا رہی۔ پولیس والے جو چیزیں لاتے ہیں مجھے دے کر تصویریں بناتے ہیں اور پھر ساتھ لے جاتے ہیں۔ آپ مجھے سروسز ہسپتال بھیج دیں کیونکہ میں بہت علیل ہوں۔

مونس الٰہی کے اصرار پر پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی جوائن کی کیونکہ مونس کو یہ موقع نظر آرہا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو ان کو وزارت اعلٰی مل جائے گی اور اس کے لیے  مونس الٰہی اپنے والد کی قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔ پی ٹی آئی ان کے لیے بہت بڑی گارنٹی ہے کیونکہ ق لیگ میں واپس جانے کے بعد انہیں وزارت ملنا مشکل ہو جائے گا۔ ان کے مطابق ان کی گنجائش صرف پی ٹی آئی میں ہے۔ کیونکہ اگر کبھی تحریک انصاف کے اسٹبلشمنٹ سے معاملات درست ہوئے اور ان کی حکومت آئی تو ان کا وزارت اعلٰی کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کو   کرپشن کیس میں گرفتار ہوئے قریب قریب ڈیڑھ ماہ ہو چکا ہے لیکن ان کی گرفتاری سے قبل ان کے صاحبزادے مونس الٰہی مُلک سے فرار ہو کر سپین چلے گئے۔ مونس الٰہی نے ہی کوشش کر کے والد کو پی ٹی آئی کا حمایت یافتہ وزیراعلٰی بنوایا لیکن اس کے بعد کرپشن کا جو بازار گرم ہوا اسی کا خمیازہ پرویز الٰہی بھُگت رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آج مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کے کیس میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کو 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔
مزیدخبریں