سپریم کورٹ کا میشا شفیع کیخلاف کرمنل کارروائی روکنے کا حکم

05:16 AM, 11 Jun, 2022

نیا دور
سپریم کورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف کرمنل کارروائی اگلی سماعت تک روکنے کا حکم دیدیا۔


گلوکارہ میشا شفیع کی پیکا آرڈیننس سیکشن 20 کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس محمد علی مظہر  پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 8 جون کو محفوظ کیا گیا 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ میشا شفیع کے خلاف کرمنل کارروائی اگلی سماعت تک روک دی جائے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ میشا شفیع کی اپیل سماعت کے لیے منظور کی جاتی ہے، دیکھنا ہو گا پیکا سیکشن 20 آئین کے حق آزادی رائے سے متصادم ہے یا نہیں؟

عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دیکھنا ہو گا پیکا سیکشن 20 میں حق دفاع تو متاثر نہیں ہو رہا اور جنسی ہراسگی کیس کے متاثرین پر پیکا ایکٹ سے انصاف میں رکاوٹ تو نہیں ڈالی جا رہی؟

سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پیکا ایکٹ کے ہتک عزت کی شق کو کرمنلائز کرنے کے خلاف یہ پہلی درخواست ہے، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کیے جاتے ہیں۔
مزیدخبریں