نشریاتی ’مرر ناؤ‘ کو موصول ہونے والی ایک خفیہ رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ قاتل سلمان خان کو نشانہ بنانے کے لیے ان کے گھر بھی پہنچ چکا تھا۔
https://twitter.com/MirrorNow/status/1534882680915238912
رپورٹ میں اس بات کا ذکر نہیں کیا گیا کہ سلمان خان کو قتل کرنے کا منصوبہ کب بنایا گیا اور کس دن انہیں قتل کرنے کے لیے شوٹر ان کے گھر کے باہر آچکا تھا؟ تاہم بتایا گیا کہ جس دن دبنگ ہیرو کو نشانہ بنایا جانا تھا، اس دن خوش قسمتی سے ان کے ہمراہ پولیس کی سیکیورٹی موجود تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حال ہی میں قتل کیے گئے سکھ گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا تعلق سلمان خان کے قتل کے منصوبے سے بھی ہے اور سکھ گلوکار سے قبل بولی وڈ اداکار کو قتل کیا جانا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس وقت تہاڑ جیل میں قید گینگسر لارنس بشنوئی نے ماضی میں ایک شارپ شوٹر کو سلمان خان کو قتل کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ بھیجا تھا اور شوٹر نے کافی عرصے تک اداکار کی ریکی کرنے کے بعد انہیں نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کیا۔
رپورٹ کے مطابق شوٹر نے نوٹ کیا کہ سلمان خان صبح کی ورزش کرنے کے وقت اکیلے ہوتے ہیں اور انہیں اس وقت ہی نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا گیا لیکن جس دن اداکار کو نشانہ بنایا جانا تھا، اس دن خوشقسمتی سے سلمان خان کے ساتھ پولیس سیکیورٹی تھی۔
رپورٹ میں واضح نہیں کیا گیا کہ شوٹر کس تاریخ اور کس سال کو سلمان خان کو نشانہ بنانے کے لیے ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود تھا، تاہم بتایا کہ شوٹر پولیس سیکیورٹی کی وجہ سے ڈر گیا اور اس نے اداکار کو نشانہ بنانے سے گریز کیا۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا نے یہ رپورٹس بھی دی تھیں کہ لارنس بشنوئی گینگ نے 2018 میں سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔
حال ہی میں گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی بھی بڑھادی گئی تھی۔