حالیہ سیاسی سرکس کا ایک خاموش سپاہی 'گُج کا چوھری شُج' ہے۔ علالت کے باوجود وہ 'مردِ آہن' کو دیے ہوئے اپنے وعدے پر قائم رہے کہ وہ اس حکومت کی حمایت کریں گے۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ ان کے کزن Chaudhry Perverse پی ڈی ایم سے کیے اپنے وعدے سے مکر گئے تھے؛ کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے بیٹے اور سیاسی وارث کا دباؤ برداشت نہ کر پائے تھے اور 'عظیم خان' کے ساتھ چلے گئے تھے۔ یہ بھی سب جانتے ہیں کہ عظیم خان اور Chaudhry Perverse ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کے روادار نہیں لیکن مشہور کہاوت کے عین مطابق 'دشمن کا دشمن دوست' ہوتا ہے۔
سننے میں آیا ہے کہ ٹی وی چینلز سے یہ اطلاعات ملنے کے بعد کہ perverse اور صاحبزادے غلط کام کر گزرے ہیں، 'شُج' نے اپنے ایک رکن کو حکم دیا کہ وہ عظیم خان کی کابینہ سے استعفا دے۔ انہوں نے اپنے بیٹے کو بھی حکم دیا کہ وہ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد میں پی ڈی ایم امیدوار کو ووٹ دے اور خان کو اقتدار سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
ہمارے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سب ہونے سے قبل چوھری شُج اور مردِ آہن کے بیچ ایک طویل فون کال ہوئی جس میں بغیر لگی لپٹی رکھے سب باتیں کی گئیں۔ یہ گفتگو جذباتی بھی تھی، اور ایماندارانہ بھی۔ اس کے بعد ہی ان دو رہنماؤں کے درمیان شکوک و شبہات دور ہوئے جن کے ساتھ کی بھی ایک طویل تاریخ ہے۔ یہی وجہ تھی کہ perverse کے دھوکے کے باوجود شُج نے اپنا راستہ الگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنے وعدے کو پورا کیا۔ انہوں نے اپنے خاندان کو بتایا کہ وہ علیل ہیں اور عمر کے اس حصے میں اپنی زبان سے دغا کر کے اپنے آپ کو شرمندہ نہیں کرنا چاہتے۔
بھڑکانے کی کوشش
چند روز قبل ہوئی سابق فوجی افسران کی پریس کانفرنس کے حوالے سے بہت کچھ غیر واضح ہے۔ سب سے پہلے تو اس آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کے لئے جگہ بک کروانے والے ایک امریکی شہری اور فراڈیے تھے جو کہ یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ انہیں امریکی سازش کے بیانیے پر مکمل یقین ہے۔ یہ بھی ایک دلچسپ مگر مخفی حقیقت ہے کہ ان سابق افسران میں سے زیادہ تر بالواسطہ یا بلاواسطہ عظیم خان کے لشکر سے تعلق رکھتے ہیں۔ آخر میں، ان افسران نے جان بوجھ کر ان بہادر صحافیوں کو ردِ عمل پر اکسایا جو یہ پریس کانفرنس کور کرنے گئے تھے۔ انہوں نے ایک کو گالیاں دیں اور دوسرے کو بتایا کہ وہ اس قابل نہیں کہ اس سے بات بھی کی جائے۔ دونوں ہی نتیجتاً ان افسران سے کچھ انتہائی تلخ سوالات کرنے لگے۔
ایک اور شادی ختم
ملکہ الزیبتھ کے تخت برطانیہ پر براجمان ہونے کے 70 برس مکمل ہونے کے تاریخی جشن کے موقع پر ایک خبر پر لوگوں نے زیادہ توجہ نہیں دی جو عمومی حالات میں کہیں زیادہ جانچ پرکھ کی حق دار تھی۔ اور وہ ہے برطانوی وزیر اعظم کے 'معاملات' کی خبر۔ جی ہاں، افواہ ہے کہ ان کی موجودہ اہلیہ نے ان کو اب ایک نئی خاتون کے ساتھ معاشقے لڑاتے پکڑ لیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ اس سے قبل موصوف ان سے علیحدگی کا اعلان کریں، وہ خود یہ کام کر گزریں گی۔ BoJo ابھی چند ہی دن قبل بمشکل ایک تحریکِ عدم اعتماد کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ ان کی بیگم کیری ایک مرتبہ پھر اپنے سابق ساتھی زیک گولڈ سمتھ کے ساتھ ہوں گی۔ جی ہاں، عظیم خان کے سابق برادرِ نسبتی۔