وزیراعظم کی سالانہ آمدن میں کمی

01:11 PM, 11 Mar, 2019

نیا دور
زرداری، شہباز اور بلاول کی آمدن میں گزشتہ برس کی نسبت اضافہ ہوا

سرکاری دستاویزات کے جائزے سے یہ اہم انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران کچھ سیاست دانوں کی سالانہ آمدن میں اگر اضافہ ہوا ہے تو بہت سے ایسے بھی ہیں جن کی سالانہ آمدن کم ہوئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی 2015ء میں مجموعی سالانہ آمدن تین کروڑ اور 56 لاکھ روپے تھی جو 2016ء میں کم ہو کر ایک کروڑ اور 29 لاکھ روپے رہ گئی جس میں 2017ء میں مزید کمی آئی۔

دوسری جانب قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی مجموعی آمدن میں ان برسوں کے دوران مسلسل اضافہ ہوا جو 2015ء میں 76 لاکھ تھی اور یہ 2017ء میں بڑھ کر ایک کروڑ سے زائد ہو گئی۔

ان برسوں کے دوران شہباز شریف کے صاحب زادے اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی مجموعی آمدن میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 2015ء میں ان کی مجموعی آمدن ایک کروڑ اور 91 لاکھ روپے تھی جو 2017ء میں بڑھ کر دو کروڑ اور 54 لاکھ روپے ہو گئی۔



ان برسوں کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری کی آمدن میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔ 2015ء میں ان کی سالانہ زرعی آمدن 10 کروڑ اور 50 لاکھ روپے تھی جو 2017ء میں بڑھ کر 13 کروڑ اور 40 لاکھ روپے ہو گئی۔ اس عرصہ کے دوران دیگر ذرائع سے ان کی آمدن 76 لاکھ اور 60 ہزار روپے سے بڑھ کر ساڑھے 97 لاکھ ہو گئی۔ یوں وہ اس فہرست میں امیر ترین پاکستانی رہنمائوں میں سے ایک ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ اور آصف زرداری کے صاحب زادے بلاول بھٹو زرداری اثاثوں کے اعتبار سے بظاہر اپنے والد سے دولت مند ہیں تاہم ان کی آمدن نسبتاً کم رہی جو 2015ء میں دو کروڑ اور 30 لاکھ روپے تھی اور 2017ء میں یہ بڑھ کر چار کروڑ روپے ہو گئی۔

 
مزیدخبریں