پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے حادثے کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ پاک فضائیہ افسوس کے ساتھ رپورٹ کررہی کہ اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پی اے ایف کا ایف-16 طیارہ 23 مارچ کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوگیا‘۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات کیلئے ایئر ہیڈ کوارٹرز میں انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
واضح ر ہے کہ اسلام آباد میں ان دنوں 23 مارچ کی تقریبات کے سلسلے میں مشقیں چل رہی ہیں اور ان کے دوران بڑے پیمانے پر اسلام آباد او راولپنڈی کی فضاؤں میں طیاروں کے فضائی مظاہرے ہوتے ہیں۔ انہی مشقوں کے سلسلے میں بدھ کی صبح تقریباً 10 بج کر 40 منٹ پر ایک طیارہ فضا میں اڑتے اڑتے اچانک کافی تیزی سے زمین کی طرف آیا، جس کے بعد وہاں سے دھواں اڑتا دکھائی دیا۔
ذرائع کے مطابق طیارہ آبادی سے دور جنگل میں گرا ہے جس کے سبب آگ نے شدت اختیار کرلی ہے۔ انتظامیہ کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ جنگل ہونے کی وجہ سے وہاں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفاعت نے حادثے کے بارے میں بتایا کہ طیارہ گرنے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ 7 فروری کو صوبہ پنجاب کے شہر شورکوٹ کے قریب معمول کی پرواز کے دوران پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی و مالی نقصان ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
قبل ازیں 7 جنوری کو میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہو گئے۔