عورت مارچ مخالف پروپیگنڈا، ’آزادی‘ کے نعروں کے جعلی سب ٹائٹلز کی ویڈیو وائرل، عورت مارچ نے اصل ویڈیو جاری کردی

09:07 AM, 11 Mar, 2021

نیا دور
عورت مارچ کے بعد اس کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی جانب سے ایک اور مبینہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں جھوٹے سب ٹائیٹل شامل کر کے ’ آزادی‘ کے نعروں کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اس مبینہ ویڈیو کو اس طرح سے ایڈٹ کیا گیا جس کے سب ٹائٹلز میں لکھا گیا کہ جیسے آزادی کے یہ نعرے اسلام مخالفت میں لگائے گئے۔ اس مبینہ جعلی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بارہا شئیر کیا جارہا ہے۔

https://twitter.com/ImranARaja1/status/1369791586943504384

تاہم عورت مارچ انتظامیہ نے اس ویڈیو کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ویڈیو کی غلط تشریح کی جارہی ہے اور اس ویڈیو میں لکھے گئے سب ٹائیٹلز بھی جھوٹ پر مبنی ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے اصل سب ٹائٹلز کے ساتھ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شئیر کیا۔

https://twitter.com/Laiba_Zainab/status/1369895220805001217

ویڈیو کے مطابق آزادی کے نعرے لگانے والی خاتون کے نعروں جن میں ’ملا سے آزادی‘ کو سب ٹائٹل میں ’اللہ سے آزادی‘ سے زبردستی جوڑنے کی کوشش کی گئی۔ علاوہ ازیں جھوٹے سب ٹائٹلز میں ’اوریا‘ (مقبول جان) کے خلاف نعرے کو ’اولیا‘ کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی گئی۔ اس طرح پوری ویڈیو میں سے 25 سیکنڈ کا کلپ ایسے ہی ایڈٹ کیا گیا۔

عورت مارچ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ عورت مارچ مخالف دشمنی میں مذہب اور مذہبی شخصیات کا استعمال کیا گیا اور جھوٹ بولا گیا۔ انہوں نے ایف آئی اے سے درخواست کی کہ اس ویڈیو کو بنانے اور شیئر کرنے والوں کے خلاف سختی سے کاروائی کرے۔
مزیدخبریں