صبور علی اور صحیفہ کو کھڑکی صاف کرنے والے سے مذاق پر مداحوں نے آڑے ہاتھوں لے لیا

08:44 AM, 11 May, 2019

نیا دور
سوشل میڈیا پر اداکارہ صبور علی اور صحیفہ جبارخٹک کو ایک ویڈیو کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ویڈیو میں دونوں نے ڈرامے کی شوٹ کے دوران کھڑکی صاف کرنے والے کا مذاق اڑایا جو انہیں خاصا مہنگا پڑا۔

اداکارہ صبورعلی نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام پرایک اسٹوری شیئر کی جس میں وہ کسی ڈرامے کے سیٹ پر موجود ہیں اور وہاں موجود کھڑکی صاف کرنے والے شخص کا مذاق اڑاتی نظرآرہی ہیں۔ صبورعلی صفائی کرنے والے کی ویڈیو بناتے ہوئے کہہ رہی ہیں ’کیا خواب دیکھ کر اس کی ماں نے اسے گھرسے بھیجا ہوگا‘ یہ کہتے ہوئے صبورعلی مسلسل ہنسے جارہی ہیں۔ سیٹ پر ان کے ساتھ اداکارہ صحیفہ جبار اور اداکار عفان وحید بھی موجود ہیں۔



سیٹ پر موجود اداکارہ صحیفہ جبار نے صبورعلی کا ساتھ دیتے ہوئے کہا یہ شخص صبح اٹھ کر اپنی بیڈ شیٹ بھی ٹھیک نہیں کرتا ہوگا اور نا ہی اپنا کمبل طے کرتا ہوگا۔ پھر صبور نے ساتھی اداکارعفان وحید سے ان کی رائے پوچھی جس پر ان کا کہنا تھا کہ محنت کر رہا ہے۔

محنت کرنے والے کا مذاق اڑانا سوشل میڈیا صارفین کو ایک آنکھ نہ بھایا اور انہوں نےاس طرزعمل کو شرمناک قراردیا جس پر صبور اور صحیفہ دونوں کی جانب سے وضاحت سامنے آ گئی ہے۔

صبور علی نے کھڑکی صاف کرنے والے کی ویڈیو حذف کرتے ہوئے ایک وضاحتی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کھڑکی صاف کرنے والے کو آنے والے ڈارمے کا assistant director  بتایا اور کہا کہ سیٹ پر ایسا ہنسی مذاق چلتا رہتا ہے۔


صبور علی نے سوشل میڈیا بلاگرز پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حوالے سے کچھ بھی کہنے سے پہلے سوچ لیا کریں، دانستہ طور پر کسی بھی کام کرنے والے کا مذاق نہیں اڑایا گیا، لہٰذا گزارش ہے کہ کسی پر انگلی اٹھانے سے پہلے ذمہ داری سے پوری تصویر پر غور کیا کریں۔


دوسری جانب صحیفہ جبار نے لائیو ویڈیو میں کہا کہ احسن بھائی (کھڑکی صاف کرنے والا) ہمارے قریبی دوست ہیں اور ہم ان کو سیٹ پر بہت تنگ کرتے ہیں ہمارا یہ مقصد نہیں تھا کہ ہم ان کا تمسخر اُڑائیں، آپ لوگوں نے تصویر کا صرف ایک رُخ دیکھا ہے اس لیے آپ لوگ بول پڑے ہیں جب کہ ایسا نہیں ہے۔






  تاہم دونوں اداکاراؤں کی وضاحت کے بعد بھی مداحوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔







۔
مزیدخبریں