میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 15ویں روزے تک قمری کیلنڈر بن جائے گا اور ایک ویب سائٹ بھی بنارہے ہیں جس پر کلک کر کے چاند بھی دیکھا جا سکے گا تاہم یہ فیصلہ شہریوں کو کرنا ہے کہ وہ جدید سمت پر چلنا چاہتے ہیں یا روایتی طریقے پر ہی چلنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشیت کا جوحال ہے وہ اپوزیشن نے ہی کیا، ہمیں معیشت نیچے ملی اس کو اوپر لے کر جائیں گے، ہمارا چیلنج گورننس اور معیشت کا ہے، معیشت کو پاؤں پر کھڑا کریں گے جب کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے پانے میں چند دن لگیں گے۔
بعدازں ٹویٹر پیغام میں فواد چوہدری نے اپنی تنخواہ بھی بتائی، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی کفایت مہم کے بعد آج پارلیمنٹیرینز اور وزراء کی تنخواہیں بہت کم ہیں اور انٹرٹینمنٹ الاؤنسزبھی مکمل ختم کئے جا چکے ہیں، منسٹر کی تنخواہ تین لاکھ پینتالیس ہزار ہے جبکہ نوے ہزار ہاؤس رینٹ چلا جاتا ہے اور دو لاکھ پچپن ہزار ملتے ہیں۔