پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث 1650 سے زائد شرپسند عناصر گرفتار

09:13 AM, 11 May, 2023

حسن نقوی
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث 1650 سے زائد شرپسند عناصر کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سرکاری و نجی اداروں پر حملوں، توڑ پھوڑ ، جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1650 سے زائد شرپسند عناصر کو گرفتار کیا گیا۔ شرپسند عناصر کی پُرتشدد کارروائیوں میں پنجاب بھر میں 150 سے زائد افسران واہلکار شدید زخمی ہوئے۔

ترجمان نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں میں لاہور کے 63، راولپنڈی 29 ، فیصل آباد 25، گوجرانوالہ کے 13 پولیس افسران و اہلکار شامل ہیں۔ اٹک میں 10، سیالکوٹ میں 05 اور میانوالی میں 06 افسران و اہلکار زخمی ہوئے۔ پنجاب پولیس کے زیر استعمال 70 گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔ لاہور میں 22، راولپنڈی 18، فیصل آباد 15، گوجرانوالہ 03، سیالکوٹ 05، بھکر 02، ملتان 04، اٹک میں 01 گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ تمام شرپسند عناصر کو ٹریس کرکے گرفتار کر رہے ہیں۔ سرکاری و نجی املاک، پولیس ٹیموں پر حملوں، پر تشدد کارروائیوں میں ملوث شرپسند کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائی میں ملوث پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی لسٹ جاری کردی۔

ہنگاموں میں ملوث افراد کی لسٹ میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری، علی امتیاز وڑائچ، میاں عثمان اکرم، ملک وقار، عالیہ حمزہ، عالیہ شہزاد، رائے اسلم کھرل، ناصر سلمان، محمد مدنی، زبیر خان نیازی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ حسان نیازی، غلام محی الدین دیوان، پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیاز شیخ، ڈاکٹر یاسمین راشد و دیگر شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق لسٹ میں شامل افراد کی گرفتاری کے لیے بڑا آپریشن کیا جائے گا۔
مزیدخبریں