پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور سینیٹر اعجاز چوہدری گرفتار

12:38 PM, 11 May, 2023

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم ترین رہنما علی محمد خان  اور سینیٹر اعجاز چوہدری کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق علی محمد خان کو سپریم کورٹ آتے ہوئے راستے سے گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علی محمد خان کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سینیٹر اعجاز چوہدری کو گلگت بلتستان ہاؤس سے گرفتار کیا گیا۔ سینیٹر اعجاز چوہدری کو بھی 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے کہ پولیس حکام کی جانب سے گزشتہ رات تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور 3 خواتین رہنماؤں سمیت پی ٹی آئی کے 7 اہم قائدین کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان منگل کی سہ پہر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اداروں کے خلاف بیانات دینے اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا کو قتل کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں ضمانت میں توسیع کے لیے پیش ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کو نیب نے رینجرز کی بھاری نفری کے ہمراہ گرفتار کیا۔انہیں پہلے نیب راولپنڈی آفس اور بعد ازاں پولیس ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد منتقل کیا گیا۔

واقعہ کے بعد سے ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس میں کور کمانڈر ہاوس لاہور کو بھی جلا دیا گیا جبکہ پاک فوج کی دیگر تنصیبات پر بھی حملہ کیا گیا اس کے علاوہ پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگائی گئی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماوں کی گرفتاریوں کے سلسے کا بھی آغاز ہو گیا جو تاحال جاری ہے۔
مزیدخبریں