میٹا کی زیرملکیت مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ گزشتہ چند ہفتوں سے متعدد نئے فیچرز متعارف کر رہا ہے جو صارفین کے لیے بے حد کارگر ثابت ہورہے ہیں۔ ایسے میں میٹا کی جانب سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ کو نمایاں حد تک تبدیل کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے کافی عرصے سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے یوزر انٹرفیس کو تبدیل کرنے پر کام کیا جا رہا تھا۔ واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے موبائل ایپ کا ڈیزائن تبدیل کر دیا ہے جبکہ ایک نیا 'ڈارکر ڈارک موڈ' بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ایپ کے نئے ڈیزائن کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ میسجنگ پلیٹ فارم کا یوزر انٹرفیس تبدیل کیا گیا ہے۔
آخری بار واٹس ایپ کا ڈیزائن 2021 میں تبدیل کیا گیا تھا اور اب 3 سال بعد ایسا کیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے ڈیزائن میں 35 مختلف رنگوں پر غور کرنے کے بعد نئے انداز کا انتخاب کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
نئے یوزر انٹرفیس میں نئے آئیکونز کو متعارف کرایا گیا ہے جبکہ چیٹس کے ڈیفالٹ بیک گراؤنڈ کو بھی بہتر کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح چیٹ ببل کے رنگوں اور فلوٹنگ ایکشن بٹن کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے ایپ کے اوپر سے سبز رنگ کو ہٹایا دیا گیا ہے جو اب تک اس ایپ کا امتیازی رنگ سمجھا جاتا تھا۔
کمپنی نے بتایا کہ نئے ڈیزائن میں ایسے رنگوں کا انتخاب کیا گیا ہے جو کم روشنی والے ماحول میں آنکھوں پر زیادہ تناؤ کا باعث نہ بنے۔
اسی طرح ڈارک موڈ کو مزید گہرا کیا جا رہا ہے تاکہ پیغامات کو پڑھنا آسان ہو جائے۔
آئی او ایس ایپ کی طرح کی اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ میں بھی نیوی گیشن بار اب ایپ کے نیچے نظر آئے گی، جس میں چیٹس، اپ ڈیٹس، کمیونٹیز اور کالز کے آپشنز موجود ہوں گے۔
آئی او ایس صارفین کے لیے واٹس ایپ کی جانب سے تصاویر اور ویڈیوز کو سینڈ کرنا آسان کیا جا رہا ہے۔
اس مقصد کے لیے ایک نیا اٹیچمنٹ لے آؤٹ متعارف کرایا جا رہا ہے۔