پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان غیر ضروری بیانات اور رویے کی وجہ سے شیر افضل مروت سے خفا ہیں اور انہوں نے اڈیالہ جیل میں شیر افضل مروت کے ساتھ ملاقات سے انکار کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے بانی تحریک انصاف کو شیر افضل مروت کو سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی سے نکالنے کی تجویز دی تھی جس کے بعد انہیں دونوں کمیٹیوں سے بھی نکال دیا گیا۔ اس کے علاوہ شیر افضل مروت کو سیاسی کمیٹی کے واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا گیا ہے۔

01:03 PM, 11 May, 2024

نیا دور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایسے بیانات سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ بانی تحریک انصاف کے واضح احکامات ہیں کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دیے جائیں۔

شوکاز نوٹس کے مطابق شیر افضل مروت کے کردار سے پارٹی اور ارکان کو ہزیمت اٹھانا پڑی، جس کی وجہ سے ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے گی۔

نوٹس میں کہا گیا کہ شیرافضل مروت تین روز کے اندر شوکاز نوٹس کا جواب دیں۔اگر تین روز کے اندر جواب نہ دیا گیا تو مزید کارروائی کی جائے گی۔

شیر افضل مروت کو سیاسی کمیٹی کے واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا گیا ہے۔ پارٹی نے انہیں مکمل سائیڈ لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان غیر ضروری بیانات اور رویے کی وجہ سے شیر افضل مروت سے خفا ہیں اور انہوں نے اڈیالہ جیل میں شیر افضل مروت کے ساتھ ملاقات سے انکار کیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارٹی رہنماؤں نے بانی تحریک انصاف کو شیر افضل مروت کو سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی سے نکالنے کی تجویز دی تھی جس کے بعد انہیں دونوں کمیٹیوں سے بھی نکال دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کی جانب سے متنازع بیانات پر ان کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا گیا۔

دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری  عمر ایوب نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شیر افضل مروت کو کورکمیٹی اور  سیاسی کمیٹی سے نکالنےکا حکم  دیا ہے۔

عمر ایوب کے مطابق عمران خان نے شیر افضل مروت کو  شوکاز جاری کرنےکا حکم  دیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ شیر افضل مروت نے سعودی حکومت سے تعلقات خراب کرنےکی کوشش کی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ شیرافضل مروت کو بانی پی ٹی آئی نے بہت عزت و احترام دیا ہے۔ شیرافضل مروت کو بارہا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرنےکی ہدایات دیں۔  بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ ذاتی تعلقات کو شیر افضل مروت نے نقصان پہنچایا۔ بانی پی ٹی آئی کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے ساتھ نہایت اچھے تعلقات ہیں۔

دریں اثنا عمر ایوب خان کا ایک ویڈیو بیان سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر شیئر ہوا ہے جس میں انہیں یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ عمران خان نے براہ راست حکم جاری کیا ہے کہ شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی کی کورکمیٹی اور پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی سے فی الفور علیحدہ کردیا جائے۔

عمرایوب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حکم جاری کیا ہے کہ شیرافضل مروت کو کورکمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی سےالگ کیاجائے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہےکہ  پولیٹیکل کمیٹی شیر افضل مروت کے خلاف  ڈسپلنری ایکشن لے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت اس سے قبل امریکا اور سعودی عرب دونوں پر پی ٹی آئی کی حکومت گرانے کی سازش کرنے کا الزام لگا چکے ہیں۔

پی ٹی آئی نے عوامی طور پر ان کے ریمارکس سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا تاہم شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے اور وہ اس پر قائم ہیں۔

کچھ روز قبل راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ عمر ایوب اور شبلی فراز نے مجھے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے نہیں ملنے دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں رکاوٹ جیل حکام ڈال سکتے ہیں۔ جو اوپر ہوتے ہیں وہ بھی رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔ میں بانی پی ٹی آئی کے لیے نکلا تھا، آزادی کے لیے نکلا تھا۔

شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں جس ایجنڈے کے لیے نکلا تھا وہ ایجنڈا آج ختم ہو گیا۔ ہر معاملے پر بانی پی ٹی آئی کو گمراہ کیا گیا۔ یہ لوگ آئیں اور قیادت کریں، میں ان کی پیروی کروں گا۔

مزیدخبریں