پارک لین، توشہ خانہ ریفرنس: صدر مملکت آصف زرداری کو صدارتی استثنیٰ مل گیا

فیصلے میں کہا گیا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے ان درخواستوں پر کوئی بھی اعتراض نہیں کیا گیا اور نہ ہی مخالفت کی گئی۔ آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت صدر مملکت کے خلاف کوئی کیس نہیں ہوسکتا اور نا کوئی کارروائی جاری رہ سکتی ہے۔ لہٰذاجب تک آصف علی زرداری صدر مملکت ہیں۔ ان کے خلاف کیسز کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔

01:18 PM, 11 May, 2024

نیا دور

احتساب عدالت اسلام آباد میں پارک لین اور توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ مل گیا۔عدالت نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف کارروائی روک دی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر مملکت آصف زرداری کی نیب کیسز میں صدارتی استثنیٰ کی درخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب تک آصف علی زرداری صدر مملکت ہیں۔ ان کے خلاف کیسز کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

فیصلے میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت درخواست دائر کی گئی۔ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آصف زرداری جب تک صدر مملکت ہیں کیسز کی کرمنل کارروائی جاری نہیں رہ سکتی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے ان درخواستوں پر کوئی بھی اعتراض نہیں کیا گیا اور نہ ہی مخالفت کی گئی۔ آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت صدر مملکت کے خلاف کوئی کیس نہیں ہوسکتا اور نا کوئی کارروائی جاری رہ سکتی ہے۔ لہٰذا صدر مملکت آصف علی زرداری کی کیسز سے صدارتی استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔

مزیدخبریں